وزارت اطلاعات بورن موتھ یونیورسٹی کے ساتھ مل کر پاکستانی نوجوانوں میں گیمنگ اور اینی میشن کے فروغ کیلئے اقدامات اٹھا رہی ہے، فواد چوہدری

پاکستان میں ہر سال اینی میشن انڈسٹری میں 20 گنا اضافہ ہورہا ہے، اینی میشن اور گیمنگ کے شعبہ میں کمپنیوں کے کاروبار میں اضافہ خوش آئند ہے،وزیر اطلاعات ملک میں میڈیا انڈسٹری کو تمام دیگر انڈسٹریوں پر غلبہ حاصل ہے،ہم فلم انڈسٹری کو فروغ دینے کیلئے اقدامات اٹھا رہے ہیں، وزارت اطلاعات اور برطانیہ کی بورن موتھ یونیورسٹی کے مابین مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کرنے کے موقع پر گفتگو

جمعرات 29 جولائی 2021 20:51

وزارت اطلاعات بورن موتھ یونیورسٹی کے ساتھ مل کر پاکستانی نوجوانوں میں گیمنگ اور اینی میشن کے فروغ کیلئے اقدامات اٹھا رہی ہے، فواد چوہدری
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 جولائی2021ء) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے کہا ہے کہ وزارت اطلاعات بورن موتھ یونیورسٹی کے ساتھ مل کر پاکستانی نوجوانوں میں گیمنگ اور اینی میشن کے فروغ کیلئے اقدامات اٹھا رہی ہے، پاکستان میں ہر سال اینی میشن انڈسٹری میں 20 گنا اضافہ ہورہا ہے، اینی میشن اور گیمنگ کے شعبہ میں کمپنیوں کے کاروبار میں اضافہ خوش آئند ہے،ملک میں میڈیا انڈسٹری کو تمام دیگر انڈسٹریوں پر غلبہ حاصل ہے،ہم فلم انڈسٹری کو فروغ دینے کیلئے اقدامات اٹھا رہے ہیں۔

وفاقی وزیر اطلاعات چوہدری فواد حسین نے وزارت اطلاعات اور برطانیہ کی بورن موتھ یونیورسٹی کے مابین مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کرنے کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ گیمنگ انڈسٹری 550 ارب ڈالر کی مارکیٹ ہے، سال 2021کے آخر میں صرف اینی میشن انڈسٹری 300 ارب ڈالر کا ہدف عبور کر جائے گی، پاکستان اس میں 8.4 ارب ڈالر کا فیئر شیئر حاصل کر سکتا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں ہر سال اینی میشن انڈسٹری میں 20 گنا اضافہ ہورہا ہے، اینی میشن اور گیمنگ کے شعبہ میں کمپنیوں کے کاروبار میں اضافہ خوش آئند ہے۔انہوں نے کہاکہ بورن موتھ یونیورسٹی اور اس کا نیشنل سینٹر فار کمپیوٹر، اینی میشن ٹیکنالوجی، میڈیا اور جرنلزم میں مہارت کے ساتھ عالمی سطح پر تسلیم شدہ اور اعلی کارکردگی کا حامل ادارہ ہے۔

فواد چوہدری نے کہاکہ وزارت اطلاعات و نشریات بورن موتھ یونیورسٹی کے ساتھ مل کر پاکستانی نوجوانوں میں گیمنگ اور اینی میشن کے فروغ کے لئے اقدامات اٹھا رہی ہے۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان کی 64 فیصد آبادی 25 سال اور 40 فیصد آبادی 20 سال سے کم عمر کی ہے، پاکستانی نوجوان اس شعبہ میں موجود مواقع سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔انہوں نے کہاکہ بورن موتھ یونیورسٹی کے ساتھ شراکت داری سے پاکستانی نوجوانوں کو اپنی صلاحیتوں کو فروغ دینے کا موقع میسر آئے گا۔

وزیر اطلاعات نے کہاکہ پاکستان میں اس وقت 200 سے زائد ٹی وی چینلز کام کر رہے ہیں جبکہ ڈیجیٹل چینلز کی تعداد میں روزانہ کی بنیاد پر اضافہ ہو رہا ہے۔انہوں نے کہاکہ ملک میں میڈیا انڈسٹری کو تمام دیگر انڈسٹریوں پر غلبہ حاصل ہے،ملک میں فلم اور ڈرامہ کے شعبہ میں بہت سے مواقع موجود ہیں، ہم فلم انڈسٹری کو فروغ دینے کے لئے اقدامات اٹھا رہے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ ماسٹرز اور پی ایچ ڈی ڈگریز کے لئے سکالر شپس پروگرام شروع کئے جا رہے ہیں،بورن موتھ یونیورسٹی کا تعاون اس شعبہ میں ترقی کی نئی راہیں کھولے گا۔ وائس چانسلر بورن موتھ یونیورسٹی نے کہاکہ بورن موتھ یونیورسٹی کو وزارت اطلاعات و نشریات کے ساتھ اس شراکت داری پر خوشی ہے، ہم اس شعبہ میں پاکستان کے ساتھ مل کر کام کرنے کے منتظر ہیں۔

مفاہمت کی یادداشت پر نیشنل میڈیا یونیورسٹی کی فوکل پرسن مس ثمینہ فرزین نے دستخط کئے۔وائس چانسلر بورن موتھ یونیورسٹی پروفیسر جان وینی، چیف آپریٹنگ آفیسر جم اینڈریو، ہیڈ آف ڈیپارٹمنٹ این سی سی اے ڈاکٹر رچرڈ، ایف ایم سی کے سینئر لیکچرر ڈاکٹر ریحان ضیا، ہیڈ آف انٹرنیشنل مارکیٹنگ اینڈ سٹوڈنٹ ریکروٹمنٹ اینڈریو برڈ اور انٹرنیشنل پارٹنر شپ ڈویلپمنٹ منیجر ڈاکٹر الاسٹیئر موریسن ویڈیو لنک کے ذریعے موجود تھے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں