آزاد کشمیر کے دھاندلی زدہ الیکشن ،سیالکوٹ کے متنازعہ ضمنی انتخابات نے (ن) لیگ کے اصولی موقف کی تائید کر دی ہے،احسن اقبال

ان دو انتخابات کے بعد پاکستان کے عوام کو اور ساری دنیا کو پتہ چل گیا ہے کہ ہمارے ہاں جمہوریت کے نام پر ایک ڈرامہ رچایا جا رہا ہے ،اس ڈرامے میں مرکزی کردار عمران نیازی ادا کر رہے ہیں، ہر آنیوالے دن کے ساتھ ہمارا ’’ووٹ کو عزت دینے‘‘والا بیانیہ پہلے سے مضبوط ہوتا جا رہا ہے، عوام کی حکمرانی اور آئین کی مکمل بالادستی تک ہماری جدوجہد جاری رہے ،سیکرٹری جنرل مسلم لیگ (ن)

جمعرات 29 جولائی 2021 22:54

آزاد کشمیر کے دھاندلی زدہ الیکشن ،سیالکوٹ کے متنازعہ ضمنی انتخابات نے (ن) لیگ کے اصولی موقف کی تائید کر دی ہے،احسن اقبال
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 جولائی2021ء) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سیکرٹری جنرل احسن اقبال نے کہا ہے کہ آزاد کشمیر کے دھاندلی زدہ الیکشن اور سیالکوٹ کے متنازعہ ضمنی انتخابات نے مسلم لیگ (ن) کے اصولی موقف کی تائید کر دی ہے،ہمارا پہلے دن سے یہ موقف ہے کہ یہ حکومت عوام کی منتخب کردہ حکومت نہیں ہے،یہ دھاندلی ، دھونس، اور دھمکی کے زور پر قائم ہے، اس حکومت کا جمہوریت اور جمہوری روایات سے دور کا بھی کوئی تعلق نہیں، ان دو انتخابات کے بعد پاکستان کے عوام کو اور ساری دنیا کو پتہ چل گیا ہے کہ ہمارے ہاں جمہوریت کے نام پر ایک ڈرامہ رچایا جا رہا ہے اور اس ڈرامے میں مرکزی کردار عمران نیازی ادا کر رہے ہیں۔

انہو ں نے کہاکہ ہر آنے والے دن کے ساتھ ہمارا’’ووٹ کو عزت دینے‘‘والا بیانیہ پہلے سے مضبوط ہوتا جا رہا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ جب تک اس ملک میں عوام کی منشا کا احترام نہیں ہو گا اس وقت تک ایسی ہی کٹھ پتلی حکومتیں معرض وجود میں آتی رہیں گی اور پاکستان ماضی کی بھول بھلیوں میں پھنسا رہے گا۔ انہوں نے کہاکہ عوام کی حکمرانی اور آئین کی مکمل بالادستی تک ہماری جدوجہد جاری رہے گی۔

احسن اقبال نے کہا کہ اب پاکستان کے عوام بھی جان گئے ہیں کہ ملک کے بحرانوں کا واحد حل عوام کا اختیار عوام کو لوٹانا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ پارلیمنٹ کی بالادستی کو تسلیم کرنا ہے،میڈیا کے وہ لوگ جو ان انتخابات کے نتائج کو حکومت کی بہترین کارکردگی کا نتیجہ بتا رہے ہیں ان کو پتہ ہونا چاہیئے کہ اس حکومت کی معاشی کارکردگی ، کرپشن ، اقربا پروری ، لوٹ مار، سیاسی انتقام ، دروغ گوئی ، نفرت ، لوڈ شیڈنگ ، مہنگائی، بے روزگاری اور غربت میں اضافے سے زیادہ کچھ نہیں ہے، یہی انکے کارنامے ہیں، یہی انکا انقلاب ہے۔

انہوں نے کہاکہ میں مسلم لیگ (ن) کے تمام ورکرز اور قائدین کا شکریہ ادا کرتا ہوں جو تمام تر نامسائد حالات کے باوجود اپنے قائد نواز شریف اور اپنی پارٹی مسلم لیگ (ن) کے ساتھ ڈٹ کے کھڑے ہیں، ان کی بے مثال جمہوریت پسندی ہمارے لیئے قابل فخر اثاثہ ہے۔ سیکرٹری جنرل نے کہاکہ نے کہاکہ جو لوگ اس بات پرچار کر رہے ہیں کہ (ن) لیگ میں کوئی نظریاتی تفریق یا کوئی دھڑے بندی ہے وہ احمقوں کی جنت میں رہتے ہیں، مسلم لیگ (ن) میں چاہے کارکن ہو ، یا لیڈر شپ سب قائد نواز شریف کی قیادت پر بھرپور اعتماد رکھتے ہیں اور انکے موقف کے ساتھ مضبوطی کیساتھ جڑے ہوئے ہیں، اس طرح کی افواہیں میڈیا کا "پروپیگنڈا گینگ " تخلیق کرتا ہے اور چند روز کے بعد یہ افواہیں خود بخود دم توڑ جاتی ہیں۔

انہوں نے کہاکہ اب وہ وقت دور نہیں جب ملک میں عام انتخابات ہوں گے، اگلے انتخابات میں مسلم لیگ (ن) کا ترقی اور آئین کی بالادستی کا پیغام پورے پاکستان میں کامیابی حاصل کرے گا ۔ انہوں نے کہاکہ فسطائیت کے اس دور میں مسلم لیگ (ن) کے کارکنوں نے جس ثابت قدمی کا مظاہرہ کیا وہ آنے والے روشن دنوں کی سب سے بڑی دلیل ہے۔ انہوں نے کہاکہ اگلے انتخابات میں دھاندلی کا سوچنے والوں کے لئے ملک کے جمہوریت پسند عوام اور سیاسی جماعتیں ملکر پکا بندوبست کریں گے۔

انہوں نے کہاکہ سیاسی شعور کی جو لہر عوام میں آ گئی ہے وہ بالاخر جمہوریت اور حقیقی جمہوریت کی مکمل فتح پر منتج ہو گی اس جنگ میں آخری فتح عوام کی ہو گی۔ انہوں نے کہاکہ مسلم لیگ (ن) کے ہر کارکن کو یقین ہے کہ وہ تاریخ کی درست سمت میں کھڑا ہے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں