نوجوان زیادہ سے زیادہ درخت لگا کر پاکستان کو ’’صاف و شاداب‘‘بنانے میں اپنا کردار ادا کریں، ڈاکٹر عارف علوی

موسمیاتی تبدیلی کے منفی اثرات کم کرنے ،آئندہ نسلوں کو صاف اور صحت مند ماحول دینے کیلئے درخت ضروری ہیں،ملک میں جنگلات میں اضافے کیلئے اجتماعی کوششوں کی ضرورت ہے،صدر مملکت

ہفتہ 31 جولائی 2021 21:31

نوجوان زیادہ سے زیادہ درخت لگا کر پاکستان کو ’’صاف و شاداب‘‘بنانے میں اپنا کردار ادا کریں، ڈاکٹر عارف علوی
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 31 جولائی2021ء) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ نوجوان زیادہ سے زیادہ درخت لگا کر پاکستان کو ’’صاف و شاداب‘‘بنانے میں اپنا کردار ادا کریں، موسمیاتی تبدیلی کے منفی اثرات کم کرنے ،آئندہ نسلوں کو صاف اور صحت مند ماحول دینے کیلئے درخت ضروری ہیں،ملک میں جنگلات میں اضافے کیلئے اجتماعی کوششوں کی ضرورت ہے۔

صدرمملکت عارف علوی نے ایوانِ صدر میں مون سون شجرکاری مہم کے تحت پودے لگانے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ مہم کے تحت ایوان صدر کے احاطے میں تقریبا 10 ہزار پودے لگائے جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ نوجوان زیادہ سے زیادہ درخت لگا کر پاکستان کو ’’صاف و شاداب‘‘بنانے میں اپنا کردار ادا کریں۔انہوں نے کہاکہ نوجوان نسل ملک کے قدرتی حسن کو محفوظ بنانے کیلئے زیادہ سے زیادہ درخت لگائے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ موسمیاتی تبدیلی کے منفی اثرات کم کرنے ،آئندہ نسلوں کو صاف اور صحت مند ماحول دینے کیلئے درخت ضروری ہیں۔صدر مملکت نے کہاکہ پاکستان کو بے پناہ خوبصورتی اور قدرتی وسائل سے نوازا گیا ہے ، نوجوان نسل اپنے گردونواح کو صاف ستھرا اور سرسبز رکھنے میں اپنا کردار ادا کرے ۔انہوں نے کہاکہ ملک کے شمالی علاقوں کے خوبصورت مقامات کی جانب لاکھوں سیاح متوجہ ہوئے۔

انہوں نے کہاکہ سیاحوں کو ماحول صاف رکھنے ، آلودگی پھیلانے سے اجتناب کرنے کیلئے تعلیم کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہاکہ پاکستان کا ماحولیاتی نظام موسمیاتی تبدیلی ، گلوبل وارمنگ اور جنگلات کی کٹائی کی وجہ سے خطرے سے دوچار ہے ، ملک میں جنگلات میں اضافے کیلئے اجتماعی کوششوں کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہاکہ موسمیاتی تبدیلی اور گلوبل وارمنگ دنیا کے مختلف حصوں میں گلیشیر پگھلنے اور سیلاب کا سبب بن رہی ہے ۔

صدر مملکت نے ایوان صدر میں مون سون شجرکاری مہم 2021ء کے تحت ایک پودا بھی لگایا۔معاون خصوصی برائے موسمیاتی تبدیلی ، ملک امین اسلم نے صدر مملکت کو مون سون شجرکاری کے بارے بریفنگ دی۔انہوں نے بتایا کہ پاکستان کی سب سے بڑی شجرکاری مہم کے تحت ملک بھر میں 50 کروڑ سے زائد درخت لگائے جائیں گے، دس ارب ٹری سونامی کے پہلے مرحلے میں 2018 سے 2023 تک 3.296 ارب درخت لگائے جائیں گے ۔انہوں نے کہا کہ شجرکاری مہم سے قدرتی ماحول کے تحفظ ، جنگلات میں اضافے اور گلوبل وارمنگ کے اثرات کم کرنے میں مدد ملے گی۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں