ملک میں پیغام پاکستان ضابطہ اخلاق پر عملدرآمد کرنے کا اعلان خوش آئند ہے،چوہدری فواد حسین

ملک میں فرقہ واریت کو ہوا دینے کیلئے ملک دشمن قوتوں کے ہاتھوں کھیلنے والے عناصر اپنے عزائم میں کبھی کامیاب نہیں ہونگے،حکومت ملک میں محرم الحرام کے دوران قیام امن کیلئے ہرممکن اقدامات اٹھا رہی ہے،پاکستان علما کونسل ،متحدہ علما بورڈ کا ملک میں مذہبی ہم آہنگی ،بھائی چارہ کے فروغ کیلئے کردار لائق تحسین ہے، وزیر اطلاعات کی حافظ محمد طاہر محمود اشرفی سے گفتگو

پیر 2 اگست 2021 17:55

ملک میں پیغام پاکستان ضابطہ اخلاق پر عملدرآمد کرنے کا اعلان خوش آئند ہے،چوہدری فواد حسین
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 اگست2021ء) وفاقی وزیر اطلاعات چوہدری فواد حسین نے کہا ہے کہ ملک بھر میں پیغام پاکستان ضابطہ اخلاق پر عملدرآمد کرنے کا اعلان خوش آئند ہے،حکومت ملک میں محرم الحرام کے دوران قیام امن کیلئے ہرممکن اقدامات اٹھا رہی ہے،پاکستان علما کونسل ،متحدہ علما بورڈ کا ملک میں مذہبی ہم آہنگی ،بھائی چارہ کے فروغ کیلئے کردار لائق تحسین ہے،کچھ عناصر ملک میں فرقہ واریت کو ہوا دینے کیلئے ملک دشمن قوتوں کے ہاتھوں کھیل رہے ہیں، یہ اپنے عزائم میں کبھی کامیاب نہیں ہوں گے۔

تفصیلات کے مطابق پیر کو وفاقی وزیر اطلاعات چوہدری فواد حسین سے وزیراعظم کے نمائندہ خصوصی برائے مذہبی ہم آہنگی و مشرق وسطی حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے ملاقات کی ۔

(جاری ہے)

ملاقات کے دوران ملک میں محرم الحرام کے دوران امن و امان کو برقرار رکھنے کیلئے اقدامات اور پیغام پاکستان ضابطہ اخلاق پر عمل درآمد کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیر اطلاعات چوہدری فواد حسین نے کہا کہ ملک بھر میں پیغام پاکستان ضابطہ اخلاق پر عمل درآمد کرنے کا اعلان خوش آئند ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت ملک میں محرم الحرام کے دوران امن و امان کے قیام کیلئے ہرممکن اقدامات اٹھا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس ضمن میں پاکستان علما کونسل اور متحدہ علما بورڈ کا ملک میں مذہبی ہم آہنگی اور بھائی چارہ کے فروغ کیلئے کردار لائق تحسین ہے۔ وزیر اطلاعات نے کہا کہ اسلام سلامتی، امن، رواداری، تحمل، برداشت اور عدم تشدد کا مذہب ہے۔

انہوں نے کہا کہ فرقہ وارانہ منافرت، مسلح فرقہ وارانہ تصادم اور طاقت کے زور پر اپنے نظریات دوسروں پر مسلط کرنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں مذہبی ہم آہنگی کے فروغ کیلئے میڈیا کا کردار نہایت اہمیت کا حامل ہے،کچھ عناصر ملک میں فرقہ واریت کو ہوا دینے کیلئے ملک دشمن قوتوں کے ہاتھوں کھیل رہے ہیں، یہ اپنے عزائم میں کبھی کامیاب نہیں ہوں گے۔

اس موقع پر حافظ طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ نفاذ شریعت کے نام پر طاقت کا استعمال، ریاست کے خلاف مسلح محاذ آرائی، تخریب کاری و فساد اور دہشت گردی کی تمام صورتیں شریعت کی رو سے حرام ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تمام مسالک کے علما و مشائخ اور مفتیان پاکستان انتہا پسندانہ سوچ اور شدت پسندی کو مسترد کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ محرم الحرام کے دوران امن و امان کو ہر صورت برقرار رکھا جائے گا۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں