مسلم ممالک کو اسلامو فوبیا اور دہشت گردی سے ملکر نمٹنا ہوگا ،صدرمملکت

مشترکہ عقیدے اور ثقافت کی وجہ سے پاکستانی عوام کا عرب ممالک کے عوام کے ساتھ قدرتی لگا ہے،ڈاکٹرعارف کی صدر عرب پارلیمنٹ عادل بن عبدالرحمن العسومی سے ملاقات کے دوران گفتگو

پیر 2 اگست 2021 20:28

مسلم ممالک کو اسلامو فوبیا اور دہشت گردی سے ملکر نمٹنا ہوگا ،صدرمملکت
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 02 اگست2021ء) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ اسلامی ممالک دہشت گردی اور اسلامو فوبیا کے چیلنجز کا سامنا کر رہے ہیں ، دنیا کے تصورات تبدیل کرنے کے لیے ہمیں مل کر کام کرنا ہوگا ۔ان خیالات کا اظہارانہوں نے عرب پارلیمنٹ کے صدر، عادل بن عبدالرحمن العسومی سے ہونیوالی ملاقات میں کیا ۔صدرمملکت نے کہاکہ اسلامی ممالک اسلاموفوبیا کے حوالے سے دنیا کے تصورات تبدیل کرنے کے لیے مل کر کام کریں۔

اسلامی ممالک دہشت گردی اور اسلامو فوبیا کے چیلنجز کا سامنا کر رہے ہیں ،دہشت گردی اور اسلاموفوبیا کے چیلنجز پر قریبی تعاون کے ذریعے قابو پایا جا سکتا ہے، صدر مملکت نے کہاکہ مشترکہ عقیدے اور ثقافت کی وجہ سے پاکستانی عوام کا عرب ممالک کے عوام کے ساتھ قدرتی لگا ہے ،پاکستان مشرق وسطی کے ممالک کے ساتھ اپنے تعلقات کو خصوصی اہمیت دیتا ہے ، صدر مملکت نے کہاکہ پاکستان خطے کے ممالک کے ساتھ باہمی دلچسپی کے تمام شعبوں میں تعلقات مزید مضبوط بنانا چاہتا ہے، پاکستان کی پالیسی جیو سیاست سے جیو اقتصادیات کی طرف منتقل ہو گئی ہے ، صدر مملکت نے کہاکہ پاکستان کی نئی پالیسی ترقی کیلئے شراکت داری ، سماجی و اقتصادی ترقی اور خطے میں امن پر مرکوز ہے، پاکستان خطے بالخصوص افغانستان میں امن کے فروغ کے لیے کوششیں کر رہا ہے، ہندوستان مقبوضہ جموں و کشمیر میں مسلمانوں کی نسلی کشی میں ملوث ہے، بھارت شہریت کے قانون کے ذریعے کشمیر میں مسلم آبادی کو کم کررہا ہے، صدر مملکت نے کہاکہ پاکستان بین الاقوامی قوانین کے مطابق فلسطین کی ایک آزاد ریاست کے قیام کا خواہاں ہے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر صدر عرب پارلیمنٹ کا کہنا تھا کہ پاکستان عرب دنیا کے لیے اہم ملک ، امت مسلمہ کے مقاصد کے حصول میں تاریخی کردار ادا کیا ، اسلامی ممالک کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کے لیے عالم اسلام کو مل کر کام کرنے کی ضرورت ہے۔پاکستان اور عرب دنیا کے درمیان تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے لیے وفود کے تبادلے کی ضرورت ہے، صدر عرب پارلیمنٹ نے کہاکہ عرب پارلیمنٹ نے تنازعہ جموں و کشمیر پر پاکستان کے موقف کی حمایت کی۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں