آنیوالی نسلوں کیلئے پاکستان کو بچانا ہے تو اپنے حصے کا ایک پودا ضرور لگائیں، زرتاج گل

کامیاب جوان پروگرام میں خواتین کیلئے بہت اچھے پیکیجز ہیں،وزیر مملکت کا تقریب سے خطاب

منگل 3 اگست 2021 17:01

آنیوالی نسلوں کیلئے پاکستان کو بچانا ہے تو اپنے حصے کا ایک پودا ضرور لگائیں، زرتاج گل
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 اگست2021ء) وزیرِ مملکت زرتاج گل نے کہا ہے کہ 14اگست کو ہر شخص ایک درخت یا پودا لگائے، کامیاب جوان پروگرام میں خواتین کیلئے بہت اچھے پیکیجز ہیں،وزیراعظم نے چھوٹے قرضے دینے کیلئے بینکوں کو اجازت دی ہے،کرونا کی چوتھی لہر خطرناک، تمام لوگ ماسک کا استعمال کریں۔تفصیلات کے مطابق منگل کو وزیر مملکت زرتاج گل نے سینٹورس مال میں ہینڈی کرافٹ نمائش کا افتتاح کیا ۔

افتتاحی تقریب سے خطاب اور میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر مملکت نے کہا کہ ہم نے اس مون سون میں 50 کروڑ درخت لگانے ہیں، اس مہم میں حصہ لیتے ہوئے ہر شخص ایک درخت یا پودا لگائے۔زرتاج گل نے کہا کہ کامیاب جوان پروگرام میں خواتین کے لیے بہت اچھے پیکیجز ہیں، ثانیہ نشتر کا احساس پروگرام بھی خواتین کے روزگار کے لیے معاون ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے چھوٹے قرضے دینے کے لیے بینکوں کو اجازت دی ہے۔

وزیر مملکت نے تمام شرکا کو ماسک استعمال کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ کورونا وائرس کی چوتھی لہر خطرناک ہے اس سے بچائو ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے جو کامیاب جوان پروگرام شروع کیا ہے اس میں خواتین کیلئے بہت اچھے مواقع ہیں۔ انہوں نے کہا کہ خواتین ضرور اس پروگرام سے فائدہ اٹھائیں ،ہماری مصنوعات کم ہوتی جارہی ہیں،ہماری اپنی کرافٹس بہت بہتر ہیں۔

انہوں نے کہا کہ سکلز جس کے پاس ہوتی ہیں اللہ تعالی انہیں پسند کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بینکس کیوں نہیں چھوٹے پیمانے پر قرضے فراہم کررہے ، بینکس کو اس ضمن میں سہولت فراہم کرنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ مون سون پلانٹیشن میں ہم نے 50کروڑ درخت لگانے ہیں،پاکستان کا جھنڈا ضرور لہرائیں مگر اپنے حصے کا پودا بھی لگائیں۔ انہوں نے کہا کہ اربن فلڈنگ کی بدترین مثال سامنے آ چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر آنے والی نسلوں کیلئے پاکستان کو بچانا ہے تو اپنے حصے کا ایک پودا ضرور لگائیں۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں