چیئرمین سی پیک اتھارٹی جنرل(ر) عاصم سلیم باجوہ مستعفی،خالد منصور زیراعظم کے معاون خصوصی برائے سی پیک مقرر

اللہ کے حضور اپنا سرتسلیم خم کرتا ہوں جس نے مجھے سی پیک اتھارٹی کے تحت ایک پلیٹ فارم سے تمام منصوبوں کو آگے بڑھانے کا موقع فراہم کیا، سی پیک پاکستان کی لائف لائن ہے، یہ ہمیں پروگریسیو اور مکمل ترقی یافتہ ملک بنائیگا،جنرل (ر) عاصم سلیم باجوہ

بدھ 4 اگست 2021 00:27

چیئرمین سی پیک اتھارٹی جنرل(ر) عاصم سلیم باجوہ مستعفی،خالد منصور زیراعظم کے معاون خصوصی برائے سی پیک مقرر
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 اگست2021ء) پاک چین اقتصادی راہداری (سی پیک) اتھارٹی کے چیئرمین جنرل (ر) عاصم سلیم باجوہ نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا جبکہ خالد منصور کو وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے سی پیک مقرر کردیا گیاہے۔وزیراعظم کے دفتر سے جاری نوٹیفیکیشن میں کہا گیا کہ خالد منصور کو سی پیک امور پر وزیراعظم کا معاون خصوصی مقرر کردیا گیا ہے، جس کا اطلاق فوری ہوگا۔

خالد منصور کے حوالے سے کہا گیا کہ ان کی تعیناتی اعزازی سطح پر ہوگی۔جنرل (ر) عاصم سلیم باجوہ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے بیان میں بتایا کہ میں اللہ کے حضور اپنا سرتسلیم خم کرتا ہوں جس نے مجھے اہم ادارے سی پیک اتھارٹی کے تحت ایک پلیٹ فارم سے تمام منصوبوں کو آگے بڑھانے کا موقع فراہم کیا اور مستقبل کی سمت کا تعین ہوا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم اور ان کی حکومت کے مکمل اعتماد اور تعاون کے بغیر یہ ممکن نہیں تھا۔

جنرل (ر) عاصم سلیم باجوہ نے کہا کہ سی پیک مستقبل کا تعین کردیا گیا ہے اور یہ سفر جاری رہے گا، خالد منصور کے لیے میری جانب سے نیک خواہشات ہیں۔انہوں نے کہا کہ سی پیک پاکستان کی لائف لائن ہے، یہ ہمیں پروگریسیو اور مکمل ترقی یافتہ ملک بنائے گا۔وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی اسد عمر نے ٹوئٹ میں کہا کہ میں عاصم باجوہ کا سی پیک کو آگئے بڑھانے کے لیے خدمات انجام دینے اور سی پیک کو دوسرے مرحلے میں ڈھالنے کے لیے وسیع کردار ادا کرنے پر شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں۔

انہوں نے کہا کہ ان کی لگن اور عزم بڑے حوصلے اور سپورٹ کا ذریعہ تھا۔خالد منصور کو مبارک باد دیتے ہوئے اسد عمر نے کہا کہ میں خالد منصور کو سی پیک امور کیلئے وزیراعظم کے معاون خصوصی کے طور پر ٹیم میں خوش آمدید کہتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ کارپورٹ سیکٹر میں وسیع تجربہ، چینی کمپنیوں کے ساتھ کام کرنے اور سی پیک کے چندمنصوبوں کی براہ راست قیادت انہیں سی پیک کے اگلے مرحلے کی قیادت کے لیے بہترین شخصیت بنادیتی ہے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں