آنے والے چھ ماہ انتہائی اہم ہیں

خطے کے حالات تیزی سے بدلنے جا رہے ہیں۔ وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین بدھ 4 اگست 2021 13:44

آنے والے چھ ماہ انتہائی اہم ہیں
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 04 اگست 2021ء) : وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے آئندہ آنے والے چھ ماہ انتہائی اہم قرار دے دئے۔ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا کہ ملک میں دہشت گردی کے واقعات میں مودی ملوث ہے۔ فیٹف سے پہلے کوئٹہ اور مختلف شہروں کو دہشت گردی کا نشانہ بنایا گیا۔

انہوں نے کہا کہ مقبوضہ وادی میں کشمیریوں نے اپنی جانیں قربان کر دی ہیں۔ کل پورے ملک میں یوم استحصال کشمیر منایا جا رہا ہے، عمران خان کی حکومت کشمیر کی کھل کر حمایت کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگلے 6 ماہ اہم ہیں۔ پاکستان کے خلاف ہائبرڈ وار شروع کر دی گئی ہے، پاکستان کی سیاست میں ریجنل سیاست آنے والی ہے، عمران خان آپ کی سوچ سے بڑی سیاست کھیلیں گے۔

(جاری ہے)

مسلم لیگ ن سے متعلق بات کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ شہباز شریف مفاہمت کی طرف بڑھ رہے ہیں لیکن شہباز شریف نے ایگزٹ کنٹرول لسٹ (ای سی ایل) سے نام نکالنے کے لیے درخواست ہی نہیں دی۔ انہوں نے کہا کہ میں لندن سے بانی متحدہ کو لاسکتا ہوں اور نہ ہی نواز شریف کو۔ شہباز شریف کوشش کر رہے ہیں کہ نواز شریف کو وطن واپسی پر جیل نہ جانا پڑے۔ یہ لوگ چوں چوں کا مربہ ہیں، اپوزیشن کیمروں کے لیے سیاست کر رہی ہے، شہباز شریف نے مفاہمت کی طرف بڑھنا ہے، پیپلزپارٹی اور ن لیگ کو سمجھ آ گئی ہے، یقین ہے آپ جیسی نالائق اپوزیشن میں عمران خان اگلے 5 سال بھی حکومت کریں گے۔

پیپلز پارٹی سمیت دیگر جماعتوں کو کہنا چاہتا ہوں سیاست میں تبدیلی آ رہی ہے۔ مزید یہ کہ داسو واقعہ اور افغان سفیر کی بیٹی سے متعلق بات کرتے ہوئے وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا کہ داسو واقعے کو دفتر خارجہ ڈیل کر رہا ہے اور افغان سفیر کی بیٹی کیس پر افغان تفتیشی ٹیم پاکستان میں موجود ہے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں