مقبوضہ کشمیر میں بھارتی جارحیت کے 2 سال مکمل ، وزیر خارجہ نے سلامتی کونسل کو خط لکھ دیا

بھارت کے 5 اگست 2019ء کے اقدامات قانون کی نظر میں قطعی غلط ،کالعدم ہیں،شاہ محمود قریشی بھارت پاکستان کیخلاف دہشت گردوں کی سرپرستی اور مالی معاونت میں ملوث ہے، لاہور بم دھماکہ اسی سلسلے کی کڑی ہے، مقبوضہ وادی میں ماورائے عدالت شہادتوں کا سلسلہ کئی گنا بڑھ چکا ہے، سلامتی کونسل بھارت کو پاکستان کیخلاف دہشت گردی ،تخریبی سرگرمیوں سے روکے،کشمیریوں کو حق خودارادیت دلوایا جائے ، مطالبہ

بدھ 4 اگست 2021 17:32

مقبوضہ کشمیر میں بھارتی جارحیت کے 2 سال مکمل ، وزیر خارجہ نے سلامتی کونسل کو خط لکھ دیا
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 اگست2021ء) وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے مقبوضہ جموں و کشمیر میں یکطرفہ اور غیرقانونی بھارتی اقدامات کو 2سال ہونے پر سلامتی کونسل کے صدر اور سیکریٹری جنرل اقوام متحدہ کو خط لکھ دیا۔وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے خط میں سلامتی کونسل کے صدر، سیکریٹری جنرل اقوام متحدہ کو مقبوضہ کشمیر کی بگڑتی صورتحال سے آگاہ کیا ہے۔

شاہ محمود قریشی کی جانب سے لکھے گئے خط کے متن میں کہا گیا ہے کہ بھارت نے مقبوضہ کشمیر میں اپنے غیرقانونی قبضے کو مستحکم بنانے کیلئی5 اگست 2019ء کو اقدامات کئے، مقبوضہ خطے کی جغرافیائی اور انتخابی حدود میں رد و بدل کیلئے بھارت نے غیرقانونی اقدامات کئے ہیں، غیرقانونی بھارتی اقدامات کا مقصد مقبوضہ خطے میں کشمیریوں کو آزادی کے حق سے محروم کرنا ہے۔

(جاری ہے)

شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ بھارت غیرقانونی اقدامات سے کشمیریوں کو دبانا اور ان کے استصواب رائے کے حق کو چھیننا چاہتا ہے، 5 اگست 2019ء اور اس کے تحت بھارت کے تمام غیر قانونی، یکطرفہ اقدامات کو مسترد کرتے ہیں۔انہوں نے کہا ہے کہ بھارت نے ان اقدامات سے عالمی قانون، اقوام متحدہ کی قراردادوں، چوتھے جنیوا کنونشن کی خلاف ورزی کی ہے، بھارت کے 5 اگست 2019ء کے تمام اقدامات قانون کی نظر میں قطعی غلط اور کالعدم ہیں، کشمیریوں کو کچلنے کیلئے 9لاکھ بھارتی فوج مقبوضہ خطے میں تعینات کی گئی ہے۔

وزیرخارجہ نے خط میں کہا ہے کہ بھارت نے 15ہزار سے زائد کشمیری نوجوانوں کو غیرقانونی طور پر قید کر رکھا ہے، مقبوضہ وادی میں ماورائے عدالت شہادتوں کا سلسلہ کئی گنا بڑھ چکا ہے، پرامن احتجاج کرنے والوں کے خلاف پیلٹ گنز سمیت ریاستی طاقت کا بہیمانہ استعمال معمول بن چکا ہے، مقبوضہ خطے میں لوگوں کے گھر مسمار اور تباہ کر کے کشمیریوں کو اجتماعی سزا دینا عام ہے۔

انہوں نے کہا کہ بھارت پاکستان کے خلاف دہشت گردوں کی سرپرستی اور ان کی مالی معاونت میں ملوث ہے، حال ہی میں لاہور میں بم دھماکہ اسی سلسلے کی کڑی ہے۔شاہ محمود قریشی نے خط میں مطالبہ کیا ہے کہ سلامتی کونسل بھارت کو پاکستان کے خلاف دہشت گردی اور تخریبی سرگرمیوں سے روکے، تنازع جموں وکشمیر اقوام متحدہ سلامتی کونسل کی قراردادوں اورکشمیریوں کی امنگوں کے مطابق حل کیاجائے، نتیجہ خیز بات چیت اور روابط کے لیے سازگار ماحول پیدا کرنا بھارت کی ذمہ داری ہے۔

وزیر خارجہ نے مطالبہ کیا کہ بھارت 5 اگست 2019ء کے یکطرفہ اور غیرقانونی اقدامات واپس لے، مقبوضہ جموں وکشمیرمیں آبادی کے تناسب میں تبدیلی کے غیرقانونی اقدامات واپس لئے جائیں، مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں فی الفور روکی جائیں اور سلامتی کونسل بھارت سے ان اقدامات پر عمل درآمد کا مطالبہ کرے۔وزیرخارجہ نے مطالبہ کیا کہ سلامتی کونسل کشمیریوں سے حق خودارادیت کے وعدے کو پورا کرے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں