وزیر اعظم کی زیر صدارت ملک میں فضلے کے انتظام بارے اجلاس کا انعقاد

ماحولیاتی تحفظ حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے، عمران خان درآمدی پلاسٹک پر انحصار کم کرنے کیلئے جامع پلان مرتب کیا جائے، اس ضمن میں چین کی پلاسٹک کی درآمد پر پابندی کی پالیسی کو بھی زیر غور لیا جائے، ہدایت

بدھ 4 اگست 2021 18:01

وزیر اعظم کی زیر صدارت ملک میں فضلے کے انتظام بارے اجلاس کا انعقاد
اسلا م آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 اگست2021ء) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ماحولیاتی تحفظ حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے،درآمدی پلاسٹک پر انحصار کم کرنے کیلئے جامع پلان مرتب کیا جائے، اس ضمن میں چین کی پلاسٹک کی درآمد پر پابندی کی پالیسی کو بھی زیر غور لیا جائے۔بدھ کو وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت ملک میں فضلے کے انتظام کے حوالے سے اجلاس منعقد ہوا۔

اجلاس میں معاون خصوصی ملک امین اسلم اور سینئر حکام نے شرکت کی۔وزیراعظم کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ پاکستان میں سالانہ 30ملین میٹرک ٹن فضلہ میونسپل سطح پر پیدا ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پلاسٹک فضلہ کل فضلے کا 10سے 14فیصد ہے اور سال 2050تک اس کی مقدار دوگنی ہوجائیگی۔وزیراعظم کو بتایا گیا کہ سال 2020میں پیدا ہونیوالے 3.9ملین ٹن پلاسٹک فضلے میں سے صرف 30فیصد ریسائیکل ہوتا ہے۔

(جاری ہے)

وزیراعظم کو بتایا گیا کہ پاکستان نے پچھلے مالی سال 2.4ارب روپے لاگت کا 35,651ٹن پلاسٹک درآمد کیا۔ اس موقع پر وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ ماحولیاتی تحفظ حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ وزیراعظم نے ہدایت کی درآمدی پلاسٹک پر انحصار کم کرنے کیلئے جامع پلان مرتب کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ اس ضمن میں چین کی پلاسٹک کی درآمد پر پابندی کی پالیسی کو بھی زیر غور لیا جائے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں