حکومت کی جانب سے ٹیکس میں کمی کے بعد گاڑیوں کی فروخت میں ریکارڈ اضافہ

دنیا کی دو بڑی گاڑی ساز کمپنیوں نے پاکستان میں ایک ماہ میں سب سے زیادہ گاڑیاں فروخت کرنے کے گزشتہ تمام ریکارڈ توڑ دئیے

Danish Ahmad Ansari دانش احمد انصاری بدھ 4 اگست 2021 18:30

حکومت کی جانب سے ٹیکس میں کمی کے بعد گاڑیوں کی فروخت میں ریکارڈ اضافہ
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ، اخبار تازہ ترین، 4اگست 2021) حکومت کی جانب سے ٹیکس میں کمی کے بعد گاڑیوں کی فروخت میں ریکار ڈ اضافہ، دنیا کی دو بڑی گاڑی ساز کمپنیوں نے پاکستان میں ایک ماہ میں سب سے زیادہ گاڑیاں فروخت کرنے کے گزشتہ تمام ریکارڈ توڑ دئیے۔ تفصیلات کے مطابق حکومت کی کامیاب معاشی پالیسیوں کے ثمرات سامنے آنا شروع ہوگئے، ملک کی دو بڑی آٹو کمپنیوں نے گزشتہ دنوں ریکارڈ گاڑیاں فروخت کیں۔

ٹویوٹا پاکستان کا کہنا تھا کہ کمپنی کے قیام سے اب تک انہوں نے ایک ماہ میں پاکستان میں سب سے زیادہ گاڑیاں فروخت کرنے کے تمام ریکارڈ توڑ دیے۔ اعلامیے کے مطابق جولائی 2021 میں 6 ہزار 775 یونٹ (گاڑیاں) فروخت کیے گئے جو سنہ 1993 سے اب تک کمپنی کی جانب سے ایک ماہ میں گاڑیوں کی سب سے زیادہ سیلز ہیں۔

(جاری ہے)

اس حوالے سے ماہر معاشیات مزمل اسلم نے نجی ٹیلی ویژن چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ حکومت نے گاڑیوں کے ٹیکس میں کمی کی ہے جس کی وجہ سے گاڑیوں کی فروخت میں اضافہ ہوا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ پہلے ایک گاڑی کی قیمت پر 40 فیصد ٹیکس حکومت کو جاتا تھا جو اب کم کردیا گیا۔علاوہ ازیں بینکوں کی شرح سود بھی کم کردی گئی ہے جس کی وجہ لوگ آسانی سے بینک کی قسط بھر سکتے ہیں نتیجتاً وہ گاڑی خریدنے کے قابل ہوگئے ہیں۔مزمل اسلم کا کہنا تھا کہ رواں سال زراعت اور فصلوں کی پیداور میں بھی اضافہ دیکھا گیا جس سے ملک کی مجموعی معاشی صورتحال بھی بہتر ہوئی۔

واضح رہے کہ گزشتہ دنوں ہونڈ ا ایٹلس نے اپنی مشہور زمانہ گاڑی ’ سوک1.5 آر ایس ٹربو “ کی قیمت میں ایک لاکھ 35 ہزار روپے کمی کا اعلان کر دیاہے جس کے بعد قیمت 4.7 ملین سے کم ہو کر 4.56 ملین روپے پر آ گئی ہے۔ ہونڈا سویک 1.8 آئی وی ٹیک سی وی ٹی کی قیمت میں ایک لاکھ 15 ہزار روپے کمی کی گئی ہے ،اس کی نئی قیمت 3.614 ملین ہو گئی ہے۔سوک اوریل 1.8 آئی وی ٹیک سی وی ٹی کی قیمت میں بھی ایک لاکھ 15 ہزار روپے کمی آئی ہے جس کے بعد یہ گاڑی 3.98 ملین سے کم ہو کر 3.86 ملین روپے پر آ گئی ہے۔

ہونڈا کی چند سال قبل مارکیٹ میں متعارف کروائی گئی گاڑی ” بی آر وی “ کی قیمت بھی ایک لاکھ 5 ہزار روپے کم کر دی گئی ہے ، اس کی نئی قیمت 3.37 ملین روپے ہو گی۔کیا موٹرز کی جانب سے بھی متعدد ماڈلز میں قیمتوں میں کمی کا اعلان کر دیا گیاہے ، ایک ہزار سی سی انجن پر محیط ’ پکانٹو ‘ کی قیمت میں ایک لاکھ 27 ہزار روپے کمی کی گئی ہے جس کے بعد یہ گاڑی 2.05 ملین سے سستی ہو کر 1.92 ملین روپے پر آ گئی ہے۔

پکانٹو کے ایم ٹی ورژن کی قیمت میں ایک لاکھ 18 ہزار روپے تک کمی کی گئی ہے اس کی نئی قیمت 1.78 ملین روپے ہو گی۔گاڑیوں کی مارکیٹ میں دھوم مچانے والی ’ کیا سپورٹیج “ بھی ایک لاکھ 5 ہزار روپے سے ایک لاکھ 29 ہزار روپے تک سستی ہو گئی ہے ،سپورٹیج اے ڈبلیو ڈی 5.27 ملین، سپورٹیج ایف ڈبلیو ڈی 4.78 ملین اورسپورٹیج کا الفا ماڈل 4.29 ملین روپے میں فروخت کیا جائے گا۔

اس کے علاوہ سورونٹو اے ڈبلیو ڈی کی قیمت آٹھ ملین سے کم ہو کر 7.8 ملین روپے پر آ گئی ہے۔ہنڈائے نشات کی جانب سے بھی گاڑیوں کی قیمتوں میں کمی کا اعلان کر دیا گیاہے ، ہنڈائے ٹسکان اے ڈبلیو ڈی اے ٹی الٹی میٹ کی قیمت میں ایک لاکھ 30 ہزار روپے کمی واقع ہوئی ہے جس کے بعد یہ گاڑی 5.47ملین سے کم ہو کر 5.6 ملین روپے پر آ گئی ہے۔اسی طرح ہنڈائے الینٹرا 4.05 ملین روپے سے کم ہو کر 3.9 ملین پر آ گئی ہے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں