وزیراعظم کی گرین بیلٹ اور دیگر مقامات سے فورسز کو اپنے ایریاز چھوڑنے کی ہدایت

تجاوزات چاہے کسی ادارے کی ہوں یا کسی طاقتور آدمی کی انہیں ختم کیا جائے گا، وزیراعظم عمران خان نے نیوی اور پاک فضائیہ کواپنی باؤنڈریز گرین بیلٹ اور دیگر مقامات سے پیچھے لے جانے کے احکامات جاری کر دئیے

Danish Ahmad Ansari دانش احمد انصاری بدھ 4 اگست 2021 19:23

وزیراعظم کی گرین بیلٹ اور دیگر مقامات سے فورسز کو اپنے ایریاز چھوڑنے کی ہدایت
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ، اخبار تازہ ترین، 4اگست 2021) تجاوزات چاہے کسی ادارے کی ہوں یا کسی طاقتور آدمی کی انہیں ختم کیا جائے، وزیراعظم عمران خان نے نیوی اور پاک فضائیہ کواپنی باؤنڈریز گرین بیلٹ اور دیگر مقامات سے پیچھے لے جانے کے احکامات جاری کر دئیے۔ تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیراطلاعات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ وزیراعظم نے کابینہ اجلاس میں واضح ہدایت کی ہے کہ اسلام آباد میں گرین بیلٹ اوردیگر مقامات پر تجاوزات کو فوری ہٹایا جائے۔

فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ نیوی کو اپنی باؤنڈری گرین ایریا سے پیچھے لے جانے کا کہا گیا ہے جبکہ فضائیہ کو کہا گیا ہے کہ وہ اپنے ایریاز کو چھوڑیں گے۔انہوں نے بتایا کہ سرکاری اداروں خصوصی اسلام آباد پولیس کو اپنی چیک پوسٹیں ختم کرنے کا کہا گیا ہے۔

(جاری ہے)

وفاقی وزیراطلاعات کا کہنا تھاکہ تجاوزات چاہے کسی ادارے کی ہیں یا کسی طاقتور آدمی کی انہیں ختم کیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ وزیر داخلہ شیخ رشید نے اسلام آباد میں نالوں پر قائم تمام تجاوزات گرانے کا حکم دیا تھا۔شیخ رشید نے اسلام آباد میں نالوں پر قائم تمام تجاوزات 31 اگست تک گرانے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ وہ اس آپریشن کی خود نگرانی کریں گے۔اسلام آباد میں حالیہ سیلابی صورتحال پر ان کا کہنا تھا کہ اسی سال نالہ لئی کا منصوبہ شروع ہوگا کیونکہ نالہ لئی راولپنڈی کا واحد بڑا مسئلہ ہے جو ابھی تک حل نہیں ہوا۔

وفاقی وزیر داخلہ کا نالہ لئی کے دورہ کے دوران کہنا تھا کہ اسلام آباد کے سارے نالوں پر لوگوں نے قبضے کیے ہیں، نالہ لئی منصوبے کے افتتاح کی خوشخبری 90 روز کے اندر دیں گے۔انہوں نے کہا تھا کہ نالہ لئی کے آس پاس جتنی بھی آبادی ہے ہمارے لیے قیمتی ہے، واسا سمیت ریسکیو کیلئے پولیس فوج اور لوکل انتظامیہ موجود ہے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں