آئی ایم ایف کا پاکستان میں جاری کامیاب جوان پروگرام پر اعتماد کا اظہار

نوجوانوں کو اتنی بڑی تعداد میں روزگار کے مواقع دینا بہت بڑا چیلنج تھا، عثمان ڈار کی ٹریسا ڈبن سنچے سے گفتگو

جمعرات 5 اگست 2021 13:14

آئی ایم ایف کا پاکستان میں جاری کامیاب جوان پروگرام پر اعتماد کا اظہار
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 اگست2021ء) آئی ایم ایف نے پاکستان میں جاری کامیاب جوان پروگرام پر اعتماد کا اظہار کیا ہے ۔ جمعرات کو پاکستان میں مقیم نمائندہ ٹریسا ڈبن سنچے نے کامیاب جوان پروگرام کے سربراہ عثمان ڈار سے ملاقات کی جس میں کامیاب جوان پروگرام کے ذریعے نوجوانوں میں قرض کی تقسیم اور تازہ اعداد و شمار کا جائزہ لیا گیاسربراہ کامیاب جوان پروگرام نے منصوبے کے ڈیجیٹل ڈیش بورڈ پر بریفنگ دی ۔

عثمان ڈار نے کہاکہ پاکستان کی کل آبادی کا 68فیصد حصہ نوجوانوں پر مشتمل ہے، تقریباً 20 لاکھ نوجوان ہر سال جاب مارکیٹ میں داخل ہوتے ہیں۔ انہوںنے کہاکہ نوجوانوں کو اتنی بڑی تعداد میں روزگار کے مواقع دینا بہت بڑا چیلنج تھا، کامیاب جوان پروگرام نوجوانوں کو با اختیار بنانے اور روزگار کی فراہمی میں معاون ثابت ہوا۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہاکہ منصوبے کے ذریعے ہزاروں نوجوان اپنا ذاتی کاروبار اور روزگار حاصل کر چکے، پروگرام میں میرٹ اور شفافیت پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں ہو سکتا۔

انہوںنے کہاکہ نوجوانوں کو اسکلز سکالرشپ اور ہائی ٹیک کورسز کے تحت جدید ٹیکنالوجی سے بھی ہم آہنگ کیا جا رہا ہے۔آئی ایم ایف نمائندہ نے پروگرام کے تحت نوجوانوں کے لئے کئے اقدامات پر اظہار اطمینان کیا۔ٹریسا ڈبن سنچے نے نوجوانوں کیلئے حکومتی اقدامات اور ویژن کو بھی سراہا، پورٹل پر قرض کے اعداد و شمار کے حوالے سے دی گئی تفصیلی معلومات میں بھی دلچسپی کا اظہار کیا ۔ ٹریسا ڈبن نے مستحق اور باصلاحیت نوجوانوں کو لون اسکیم سے متعلق معلومات تک رسائی دینے کی اہمیت پر زور دیا۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں