پاکستان پولیو فری ہونے کے قریب ، ملک میں 7 ماہ میں کوئی کیس رپورٹ نہیں ہوا

حکومت پولیو کے خاتمے کیلئے پر عزم ہے ، پولیو کے خاتمے کیلئے موثر اقدامات کو یقینی بنایا ہے ، عوام پولیو سے بچاؤ کے قطروں کے حوالے سے بے بنیاد خبروں پر توجہ نہ دیں ۔ معاون خصوصی فیصل سلطان

Sajid Ali ساجد علی جمعہ 17 ستمبر 2021 11:46

پاکستان پولیو فری ہونے کے قریب ، ملک میں 7 ماہ میں کوئی کیس رپورٹ نہیں ہوا
اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 16 ستمبر 2021ء ) پاکستان پولیو فری ہونے کے قریب پہنچ گیا اور ملک میں 7 ماہ میں کوئی کیس رپورٹ نہیں ہوا۔ تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان نے کہا ہے کہ سات ماہ گزر گئے ملک میں پولیو کا کوئی کیس رپورٹ نہیں ہوا ، جس کا مطلب ہے کہ پاکستان میں پولیو کے کیسز بتدریج کم ہورہے ہیں ، شہری انسداد پولیو ٹیم سے تعاون کریں اور بچوں کو پولیو کے قطرے ضرور پلائیں جو کہ نقصان دہ بالکل بھی نہیں بلکہ محفوظ ہیں۔

پولیو مہم کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومت پولیو کے خاتمے کیلئے پر عزم ہے ، پولیو کے خاتمے کیلئے موثر اقدامات کو یقینی بنایا ہے ، عوام پولیو سے بچاؤ کے قطروں کے حوالے سے بے بنیاد خبروں پر توجہ نہ دیں ، والدین سے التماس ہے کہ وہ بچوں کو پولیو قطرے ضرور پلوائیں ، اس حوالے سے تمام مکتب فکر سے پولیو مہم میں اپنا کردار ادا کرنے کی بھی اپیل ہے۔

(جاری ہے)

معاون خصوصی نے کہا کہ قومی مہم میں 40 ملین سے زائد بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلانے کا ہدف ہے ، خیبرپختونخوا میں آج سے مہم شروع ہوگئی ہے ، سال کی تیسری قومی انسداد مہم میں میں 2 لاکھ 90 ہزار ورکرز حصہ لے رہے ہیں ، مہم میں وٹامن اے کی اضافی خوراک بھی دی جائے گی۔ اسی طرح صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور شہر نے پولیو کو شکست دے دی ، ڈپٹی کمشنر لاہور نے لاہور شہر کو پولیو فری شہر قرار دے دیا ہے ، شہر میں پولیو مہم کا افتتاح کرنے کے بعد میڈیا سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے ڈی سی لاہور نے کہا کہ لاہور شہر کے مختلف علاقوں سے لئے گئے ماحولیاتی نمونہ جات کی رپورٹ نفی آئی ہے، جس کی وجہ سے لاہور پولیو فری شہر ہو گیا ہے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں