کرکٹ پر لگے گہرے زخم پر سب مل کر سوچیں

پارلیمنٹ کا سیشن بلا کر حکمت عملی بنانے کی ضرورت ہے،سیاسی جماعتیں اختلافات بھلا کر سوچیں کہ اس پر کیا ردِعمل ہونا چاہئیے۔پی پی رہنما اعتزاز احسن کا بیان

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان ہفتہ 18 ستمبر 2021 10:52

کرکٹ پر لگے گہرے زخم پر سب مل کر سوچیں
پاکستان (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 18 ستمبر 2021ء) : سینئر رہنما پیپلز پارٹی سینیٹر اعتزاز احسن نے ایک انٹرویو میں کہا ہے کہ کرکٹ کے بارے میں جو زخم لگا ہے بڑا گہرا زخم ہے۔پاکستان کی ساری قوم ایک ہی کھیل میں دلچسپی لیتی ہے ۔ہاکی ختم ہو گئی۔ریسلنگ میں کچھ باعزت کام کر رہے ہیں۔اس وقت یہ بھی کہنے کی ضرورت ہے کہ کرکٹ کے معاملے پر ساری جماعتیں مل کر سوچیں۔

پارلیمنٹ میں بیٹھ جائیں۔پارلیمنٹ کا ایک سیشن کر لیں اس میں سوچیں کہ اس پر کیا ردِعمل ہونا چاہئیے،حکومت کو اس کا تدراک کرنا چاہئیے۔اعتزاز احسن نےمزید کہا کہ جو دوستانے پہنے ہوئے ہاتھ ہیں وہ بھارت کے علاوہ اور کوئی نہیں ہو سکتا۔کل برطانیہ ، آسٹریلیا اور ویسٹ انڈیز کی ٹیموں نے بھی آنا تھا۔لگتا ہے کہ پیچھے سے کسی نے بٹن دبایا ہے۔

(جاری ہے)

عین اس وقت پر جب کپتانوں کو ٹاس کرنی تھی یہ سارا کچھ ہو گیا۔اس پر قوم کو تمام سیاسی مخالفتوں کو بھلا کر کوئی حکمت عملی بنانے کی ضرورت ہے۔دوسری جانب ) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے نیوزی لینڈ کی جانب سے دورہ پاکستان منسوخ کرنے کا معاملہ آئی سی سی میں اٹھانے کا فیصلہ کیا ہے۔چیئرمین پی سی بی رمیز راجا نے بتایاکہ سیکیورٹی تھریٹ کو وجہ بناکر سیریز یکطرفہ طور پر ختم کرنا مایوس کن ہے، خاص کر اس وقت جب کہ تھریٹ سے متعلق کچھ نہیں بتایا گیا۔

رمیز راجہ نے فیصلے پر حیرانی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ نیوزی لینڈ کس دنیا میں رہ رہا ہے، نیوزی لینڈ بورڈ اب ہمیں آئی سی سی میں سنے گا۔چیئر مین پی سی بی نے کہا کہ دورہ ختم کرنا کرکٹ فینز اور کھلاڑیوں کے لیے شدید مایوس کن ہے۔یاد رہے کہ نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم نے سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر دورہ پاکستان ختم کردیا۔چیف ایگزیکٹو نیوزی لینڈ کرکٹ بورڈ کا کہنا ہے کہ ہمارے لیے دورہ جاری رکھنا ممکن نہیں ٹیم واپس جارہی ہے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں