شہریار آفریدی کی کشمیری حقوق کے سرکردہ رہنماؤں اور منیر اکرم سے نیویارک میں ملاقات

امریکہ میں مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرنے کیلئے مشترکہ حکمت عملی مرتب کرنے پر اتفاق پاکستانی قوم کشمیریوں کی منصفانہ جدوجہد کے ساتھ کھڑی ہے ، وقت آگیا ہے کشمیر کے مظلوم عوام کے خلاف بھارتی جنگی جرائم بار ے حقائق کو دنیا کے سامنے اجاگر کیا جائے ،چیرمین کشمیر کمیٹی

ہفتہ 18 ستمبر 2021 18:55

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 18 ستمبر2021ء) چیئرمین پارلیمانی کمیٹی برائے کشمیر شہریار خان آفریدی نے اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب منیر اکرم اور سرکردہ کشمیری رہنما واشنگٹن میں قائم عالمی کشمیر آگاہی فورم کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر غلام نبی فائی ، اوہائیو یونیورسٹی کے ڈاکٹر غلام نبی میر ، جارج واشنگٹن یونیورسٹی کے ڈاکٹر امتیاز خان اور دیگر سے ہفتہ کے روز نیویارک میں ملاقات کی۔

اجلاس میں امریکی تھنک ٹینکس ، ماہرین تعلیم ، امریکی قانون سازوں اور عہدیداروں کے ساتھ رابطوں کی سطح کو بڑھانے کا فیصلہ کیا گیا اور انہیں غیرقانونی طور پر مقبوضہ جموں و کشمیر میں جاری بھارتی نسل کشی کے منصوبوں اور غیر قانونی مقبوضہ جموں و کشمیر میں آبادیاتی تبدیلیوں کے حوالے سے مشترکہ حکمت عملی مرتب کرنے پر اتفاق کیا گیا۔

(جاری ہے)

اجلاس نے کشمیری مزاحمتی رہنما سید علی گیلانی شہید اور اشرف خان صحرائی شہید کو بھرپور خراج تحسین پیش کیا اور اقوام متحدہ سے مطالبہ کیا کہ دونوں حریت رہنماؤں کے زیر حراست قتل کی غیر جانبدارانہ تحقیقات کی جائے۔

اجلاس میں بھارتی جیلوں میں قید تمام کشمیری رہنماؤں کو قتل کرنے کے بھارتی منصوبوں پر بھی تشویش کا اظہار کیا گیا اور انہیں فوری طور پر جموں و کشمیر کی جیلوں میں منتقل کرنے پر زور دیا گیا۔ اجلاس میں سید علی گیلانی شہید اور اشرف خان صحرائی شہید کی روحوں کے سکون کے لیے خصوصی دعا بھی کی گئی اور اپنے مشن کو آگے بڑھانے اور بھارتی غیر قانونی مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام کے خلاف بھارتی مذموم منصوبوں کو بے نقاب کرنے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔

شہریار آفریدی نے کہا کہ پاکستانی قوم کشمیریوں کی منصفانہ جدوجہد کے ساتھ کھڑی ہے۔ کشمیر کے بارے میں وزیر اعظم عمران خان کا وڑن اور بیانات بہت واضح ہیں اور خوشحال دنیا کو سمجھنا چاہیے کہ جموں و کشمیر محض علاقائی تنازعہ نہیں بلکہ نیوکلیئر فلیش پوائنٹ ہے۔ شہریار آفریدی نے کہا کہ عالمی ضمیر کو بھارتی جرائم جھنجھوڑرہے ہیں اور دنیا کو کشمیریوں کو انصاف اور امن دلانے کے لیے مداخلت کرنی چاہیے جنہیں بھارتی قابض حکومت کے ذریعے منظم طریقے سے قتل کیا جا رہا ہے۔

آفریدی نے اکیڈمیا اور تھنک ٹینک کے لوگوں سے کہا کہ وہ مقبوضہ جموں وکشمیر کا دورہ کریں اور جموں و کشمیر کے آزادی پسند لوگوں کے خلاف بھارتی نسل کشی اور جنگی جرائم پر غیر جانبدارانہ تحقیق کریں۔ انہوں نے مزید کہا کہ کشمیر پر پارلیمانی کمیٹی مختلف امریکی تھنک ٹینکس اور مخیر حضرات کے لیے راستے کھولے گی جو جموں و کشمیر کے حقائق کو عام کرنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اب وقت آگیا ہے کہ کشمیر کے مظلوم عوام کے خلاف بھارتی جنگی جرائم کے بارے میں حقائق کو دنیا کے سامنے اجاگر کیا جائے تاکہ کشمیری عوام کو درپیش مصیبت اور اذیت کو ختم کیا جاسکے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں