وزیراعظم کے معاون خصوصی تابش گوہر نے استعفی دے دیا

وزیراعظم عمران خان نے معاون خصوصی برائے توانائی تابش گوہر کا استعفی قبول کرلیا

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان منگل 21 ستمبر 2021 12:48

وزیراعظم کے معاون خصوصی  تابش گوہر نے استعفی دے دیا
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 21 ستمبر 2021ء) : وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے توانائی تابش گوہر نے استعفی دے دیا ہے۔وزیراعظم عمران خان نے تابش گوہر کا استعفی قبول کرلیا۔ 07 جنوری2021ء کو بھی وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے توانائی تابش گوہر مستعفی ہوئے تھے۔انہوں نے اپنا استعفیٰ واٹس ایپ کے ذریعے وزیراعطم عمران خان کو ارسال کیا ، جب کہ ان کے مستعفی ہونے کی وجوہات میں ان کے کام میں دخل اندازی کی وجہ سے دلبرداشتہ ہونا بتائی گئی تھی۔

اس ضمن میں میڈیا ذرائع نے تابش گوہر کی طرف سے بتایا کہ کئی اجلاسوں میں انہوں نے اپنی رائے دی لیکن اس پر عمل در آمد نہیں ہوا جس کی بناء پر وہ دلبرداشتہ تھے اور انہوں نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا۔تاہم وزیراعظم عمران خان نے معاون خصوصی کا استعفیٰ مسترد کردیا تھا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ تابش گوہر کے تحفظات حل کیے جائیں گے، پاور سیکٹرمیں مافیا کے خلاف ضرور کاروائی کی جائے گی۔

ملک اور پاور سیکٹرکو آپ جیسے ماہرین کی ضرورت ہے تاہم اب دوبارہ تابش گوہر مستعفی ہوئے جس کے بعد ان کا استعفی وزیراعظم کی جانب سے قبول کر لیا گیا ہے۔واضح رہے کہ وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی تابش گوہر یو اے ای کے اقامہ ہولڈر نکلے تھے۔سرکاری دستاویزا میں انکشاف ہواتھا کہ وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوص پاور ڈویژن گوہر 1999 سے دبئی میں مستقل سکونت کا اقامہ رکھتے ہیں۔

وزیراعظم نے تابش گوہر کو یکم اکتوبر 2020 کو اعزازی طور پر اپنا معاون خصوصی پاور ڈویژن مقرر کیا تاہم انہوں نے یو اے ای کا اقامہ رکھنے کے حوالے سے عوامی سطح پر آگاہ نہیں کیا۔ البتہ انہوں نے اس سال 12فروری کو کابینہ ڈویژن کو اپنی غیر ملکی سکونت کے حوالے سے تحریری طور پر آگاہ کیا۔بتایا گیا ہے تابش گوہر عمران خان کی کابینہ کے پہلے رکن ہیں جو متحدہ عرب امراتے کی ریاست دبئی کی مستقل سکونت کا پرمٹ رکھتے ہیں۔

متعلقہ عنوان :

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں