نیوزی لینڈ کا دورہ منسوخ کرنے کے پیچھے بھارت ہو سکتا ہے

امریکہ کے لیے براہ راست پی آئی اے فلائٹس کی کوشش کررہے ہیں۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین بدھ 22 ستمبر 2021 10:37

نیوزی لینڈ کا دورہ منسوخ کرنے کے پیچھے بھارت ہو سکتا ہے
نیویارک (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 22 ستمبر 2021ء) : پاکستان کے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ نیوزی لینڈ کا دورہ منسوخ کرنے کے پیچھے بھارت ہوسکتا ہے۔ تفصیلات کے مطابق نیویارک میں پاکستانی کمیونٹی سے خطاب کے دوران شاہ محمود قریشی نے کہا کہ نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم سیکیورٹی سے مطمئن تھی، اس لیے وہ پاکستان آئی تھی، پاکستانی سیکیورٹی اداروں کو کوئی تھریٹ موصول نہیں ہوا، نیوزی لینڈ کی ٹیم نے آخری وقت پر آگاہ کیا کہ سیکیورٹی خدشات کی وجہ سے نہیں کھیل سکتے، نیوزی لینڈ کی ٹیم کو ہر طرح کی سیکیورٹی کی یقین دہانی کرائی، حکومت نے بس کے بجائے ہیلی کاپٹر کے ذریعے ٹیم کو اسٹیڈیم پہنچانے کی بھی پیشکش کی، نیوزی لینڈ کا دورہ منسوخ کرنے کے پیچھے پڑوسی ملک بھارت ہوسکتا ہے۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ اوورسیز پاکستانی ہمارے ملک کا سرمایہ ہیں، ملک کو جب بھی مشکل پڑی بیرون ملک پاکستانیوں نے تعاون کیا، گزشتہ برس بیرون ملک پاکستانیوں نے 29.4ارب ڈالر کی ترسیلات ملک میں بھیجیں، روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹ کے ذریعے 2 ارب ڈالر سے زائد کی رقم پاکستان منتقل ہوچکی، بیرون ملک مقیم پاکستانی ملکی ترقی میں حصہ ڈالنا چاہتے ہیں تو انہیں خوش آمدید کہیں گے۔

(جاری ہے)

میڈیا رپورٹ کے مطابق پاکستانی کمیونٹی سے خطاب میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ وزیراعظم کو بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی مشکلات کا اندازہ ہے، وزیراعظم کی ہدایت ہے کہ بیرون ملک آباد پاکستانی کمیونٹی کو ملکی حالات سے آگاہ رکھیں، بیرون ملک سفارت خانوں اور قونصل خانوں میں نادرا ڈیسک کے قیام پر چیئرمین نادرا کے شکرگزار ہیں، نادرا ڈیسک کے قیام سے بیرون ملک پاکستانیوں کو فائدہ ہوگا۔

اس کے علاوہ ہم بیرون ملک پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دینے کے لیے اقدامات کررہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ امریکہ کے لیے براہ راست پی آئی اے فلائٹس کی کوشش کررہےہیں، ماضی میں دیگر اداروں کی طرح پی آئی اے کو بھی نوچا گیا، پی آئی اے کو مالی مشکلات کا سامناہے اور جہاز بھی چاہئیں،پی آئی اے دیوالیہ پن کے قریب پہنچ چکاتھا، پی آئی اےمیں اصلاحات کی کوششیں کررہے ہیں، پاکستان اورامریکہ کے درمیان تاریخی تعلقات ہیں۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں