سی پیک مشترکہ تعاون کمیٹی کا دسواں اجلاس جاری، دوسرے مرحلے کے لئے مزید منصوبوں کی منظوری دی جائے گی

جمعرات 23 ستمبر 2021 12:48

سی پیک مشترکہ تعاون کمیٹی  کا دسواں اجلاس  جاری، دوسرے مرحلے کے لئے مزید منصوبوں کی منظوری دی جائے گی
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 ستمبر2021ء) سی پیک بارے مشترکہ تعاون کمیٹی  کا دسواں اجلاس شروع ہوگیا ہے ،ڈیڑھ  سال کے وقفے سے ہونے والا اجلاس انتہائی اہمیت کا حامل ہے جس میں سی پیک کے دوسرے مرحلے کے لئے مزید منصوبوں کی منظوری دی جائے گی۔وزیراعظم کا حالیہ دورہ گوادر اور بجٹ اجلاس میں سی پیک منصوبوں کے لئے 87  ارب روپے  کی تخصیص ظاہر کرتی  ہے  کہ سی پیک  موجودہ حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔

سی پیک چین کے بین الاقوامی منصوبے بیلٹ اینڈ روڈ انیشٹیو کا پائلٹ پراجیکٹ ہے جو چین میں سنکیانگ کے شہر کاشغر سے شروع ہوکر خنجراب پاس اور متعدد دیگر علاقوں کے راستے پاکستان کے جنوبی ساحلی شہروں کراچی اور گوادر تک پہنچتا ہے ،یہ معاشی اور ترقیاتی منصوبہ چین اور پاکستان کے تعلقات کومستحکم کرنے اور دوستانہ تعاون کو فروغ دینے کے لئے دونوں ممالک کی مشترکہ منزل مقصود ہے۔

(جاری ہے)

  سی پیک کے تحت 10 مشترکہ ورکنگ گروپس  میں منصوبہ بندی ، توانائی ، ٹرانسپورٹ (انفراسٹرکچر) ، گوادر ، صنعتی تعاون ، سیکورٹی ، بین الاقوامی تعاون ، سماجی اور معاشی ترقی ، زراعت، سائنس اور ٹیکنالوجی شامل ہیں۔ مشترکہ تعاون کمیٹی میٹنگ سی پیک کا سب سے بڑا اور اہم فورم ہے جس کی صدارت پاکستان کی طرف سے وفاقی  وزیر منصوبہ بندی اور چین کی طرف سے وائس چیئرمین قومی ترقی اور اصلاحی کمیشن مشترکہ طور پر کر رہے ہیں ۔ اس میٹنگ میں مشترکہ ورکنگ گروپس (جے ڈبلیو جی) کی شفارشات پر گزشتہ سال کی کارگردگی اور آنے والے سال کے لئے منصوبہ بندی کی جائیگی۔ اب تک سی پیک کی 9 مشترکہ تعاون کمیٹی(جی سی سی) کی میٹنگز ہو چکی ہیں۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں