مریم نواز اور کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کی ایون فیلڈ ریفرنس میں سزا کے خلاف اپیلوں پر سماعت چھ اکتوبر تک ملتوی

جمعرات 23 ستمبر 2021 14:49

مریم نواز اور کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کی ایون فیلڈ ریفرنس میں سزا کے خلاف اپیلوں پر سماعت چھ اکتوبر تک ملتوی
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 ستمبر2021ء) مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز اور کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کی ایون فیلڈ ریفرنس میں سزا کے خلاف اپیلوں پر سماعت چھ اکتوبر تک ملتوی کر دی گئی ۔اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس عامر فاروق اور جسٹس محسن اختر کیانی نے کیس کی سماعت کی ۔مریم نواز اور کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کمرہ عدالت میں موجود تھیں ۔

دور ان سماعت عطا تارڑ روسٹرم پر آئے اور کہاکہ عرفان قادر کو اس کیس میں وکیل مقرر کیا ہے۔ جسٹس عامر فاروق نے کہاکہ یہ ریکوئسٹ انہیں یہاں آ کر کرنی چاہیے۔ عطا تارڑ نے کہاکہ مریم نواز نے عرفان قادر کو اپنا نیا وکیل کیا ہے۔ جسٹس عامر فاروق نے کہاکہ آپکو نہیں بلکہ عرفان قادر کو پیش ہو کر خود وقت مانگنا چاہیے تھا، اس سے یہ تاثر جاتا ہے کہ آپ تاخیری حربے استعمال کر رہے ہیں۔

(جاری ہے)

عطار تارڑ نے کہاکہ ہماری جانب سے کوئی تاخیر نہیں کی جا رہی، امجد پرویز بہت زیادہ بیمار ہیں۔ انہوںنے کہاکہ مریم نواز نے گزشتہ سماعت پر ایک نئی درخواست دائر کرنے کی استدعا کی تھی، عرفان قادر وہ درخواست تیار کر رہے ہیں۔ جسٹس عامرفاروق نے کہاکہ امجد پرویز کو خود پیش ہو کر عدالت کو آگاہ کرنا چاہیے تھا، امجد پرویز کو ایک درخواست اور میڈیکل سرٹیفکیٹ پیش کرنا چاہیے تھا۔ جسٹس عامر فاروق نے کہاکہ وقت دے دیتے ہیں لیکن عرفان قادر عدالت میں خود پیش ہو کر بتائیں کہ وقت چاہیے، ملزمان کی جانب سے ایک بار پھر التوا کی درخواست کر دی گئی ،ہائیکورٹ کی مریم نواز کے وکیل کو آئندہ سماعت پر پیش ہونے کی ہدایت کی گئی ۔ایون فیلڈ اپیلوں پر سماعت 6 اکتوبر تک ملتوی کر دی گئی

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں