گوادر سی پیک کے لیے کلیدی اہمیت رکھتا ہے ،جام کمال خان

گوادر چین کے مغربی حصے کو بحر ہند اور خلیجی خطے سے جوڑنے کا مختصر ترین راستہ فراہم کرتا ہے،وزیراعلی بلوچستان

جمعرات 23 ستمبر 2021 23:37

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 ستمبر2021ء) وزیراعلی بلوچستان جام کمال خان نے کہا ہے کہ گوادر سی پیک کے لیے کلیدی اہمیت رکھتا ہے۔ گوادر چین کے مغربی حصے کو بحر ہند اور خلیجی خطے سے جوڑنے کا مختصر ترین راستہ فراہم کرتا ہے۔ہمارے پاس ایشیا میں تانبے، سونے، کرومائٹ اور کوئلے کے سب سے بڑے ذخائر ہیں۔چینی کمپنیاں پہلے ہی بلوچستان میں معدنیات کے شعبے میں کام کر رہی ہیں۔

وزیراعلی بلوچستان جام کمال خان نے ان خیالات کا اظہار اسلام آباد میں سی پیک مشترکہ تعاون کمیٹی کے دسویں اجلاس کے دوران خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس کی صدارت وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر نے کی جبکہ وفاقی وزراء ، چیئرمین سی پیک اتھارٹی خالد منصور، نیشنل ڈیویلپمینٹ ریفارمز کمیٹی کے وائس چیئرمین ننگ ثری سیمت دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

وزیراعلی نے اپنے خطاب میں کہا کہ بلوچستان میں سی پیک پروجیکٹس روزگار کے مواقعوں کے ساتھ ساتھ شہریوں کی بنیادی ضروریات کو پورا کر رہے ہیں۔ حکومت بلوچستان چینی سرمایہ کاروں اور کمپنیوں کے لیے سازگار ماحول پیدا کرنے کے لیے پر عزم ہے۔بلوچستان میں کام کرنے والے چینی باشندوں اور چائنیز کمپنیوں کو تحفظ فراہم کرنے کے لئے ہر ممکن اقدامات کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ صوبے میں چینی سرمایہ کاروں کی سہولت کے لیے فریم ورک تیار کیا ہے۔ جس میں نئی اراضی لیز پالیسی کا اعلان جبکہ نجی شعبے کے لیے پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ متعارف کرایا ہے۔ وزیر اعلی نے کہا کہ حکومت سی پیک سیکنڈ فیز سے فائدہ اٹھانے کے لئے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے۔توانائی، کانکنی، ماہی گیری اور سیاحت کے شعبوں میں براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں۔

ہم اپنے چینی دوستوں کو ان شعبوں میں سرمایہ کاری کی دعوت دیتے ہیں۔ وزیراعلی نے کہا کہ بلوچستان میں بنیادی ڈھانچے خاص طور پر سڑکوں اور ریلوے کے منصوبوں میں سرمایہ کاری جاری رکھنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ گوادر کو خضدار اور کوئٹہ سے بذریعہ ریل منسلک کرنے سے گوادر پورٹ کو تجارتی طور پر قابل عمل کمرشل بندرگاہ بنایا جا سکتا ہے۔گوادر میں سماجی و اقتصادی منصوبوں میں چینی سرمایہ کاری قابل تعریف ہے۔ پاک چائنا فرینڈ شپ ہسپتال کی میڈیکل کالج تک اپ گریڈیشن کی منظوری خوش آئند ہے۔ انہوں نے کہا کہ سی پیک منصوبوں اور صوبے میں چینی سرمایہ کاری کے لیے مکمل تعاون جاری رکھیں گے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں