صدر عارف علوی نے بایونک فلمز پروڈکشنزکی جانب سے لوگوں کی سوچ میں تبدیلی لانے کی کوشش کی حمایت کردی

جمعرات 23 ستمبر 2021 23:47

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 ستمبر2021ء) صدر عارف علوی نے بایونک فلمز پروڈکشنزکی جانب سے لوگوں کی سوچ میں تبدیلی لانے کی کوشش کی حمایت کردی۔ جاری اعلامیہ کے مطابق صحت عامہ کی روز افزوں اہمیت ہماری حکومت اور ہمارے صدر کی نظر میں اوّلین ترجیح ہے۔ حال ہی میں صدر پاکستان نے اپنے ٹوئٹر اکائونٹ میں ایک اہم پیغام بایونک فلمز کی خیر خواہ کیلئے اشتہاری فلم کے ساتھ شیئر کیا ہے۔

پاکستان میں لوگ عام طور پر کھل کر بولتے اور ایسے موضوعات کو ممنوع سمجھ کر ان پر بات کرنے سے گریز کرتے ہیں۔ وہ یاتوگفت وشنید کرنے میں بہت زیادہ شرم وحیا محسوس کرتے ہیں یا یہ ڈرتے ہیں کہ دوسرے ان کے بارے میں کیا سوچیں گے۔ تاہم بایونک فلمز نے ایسے موضوعات پر بات کرنے کی اہمیت کو اجاگر کرکے ایک بڑا کام کیا ہے۔

(جاری ہے)

اس اشتہاری مہم کا آغاز جولائی میں ہواجو خاندانی منصوبہ بندی اور ماں اور بچے کی صحت کے بارے میںآگہی پھیلانے میں موثر طور پر اپنا کردار ادا کررہی ہے۔

صدر نے بھی اس مہم پر توجہ دی اور اس کے پس پردہ بنیادی پیغام کی حمایت کی۔ڈاکٹر علوی نے اپنے ٹوئٹر میں تحریر کیاکہ میرے ملک میں صحت کی صورتحال ماں اور بچے کی صحت سے منسلک ہے، ہمیں بحیثیت ایک قوم کے، اس بات کو ترجیح دینی چاہیے کہ کیا چیز اہم ہے اور ایک خوشحال پاکستان کیلئے اپنے خاندان کو منظم کرناچاہیے، بچوں کی تعداد اور ان کی صحت کا خیال رکھیں،اس کو ہرگز نظر انداز نہ کریں، غور کریں اور اس کے بارے میں گفت و شنید کریں، دوسروں تک پہنچائیں اور زیادہ سے زیادہ لوگوں سے بات کریں۔

بایونک فلمز کے سی ای او، سلمان فاروقی نے اپنی رائے کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ بایونک فلمز کا اس بڑی مہم پر کام کرنا ہمارے لئے واقعی قابل قدر ہے، یہ مہم میرے دل کی آواز ہے کہ یہ ہمارے معاشرے میں اشد ضروری تبدیلی کی آگہی پھیلانے میں مددگار ہوگی،میں پرجوش ہوں کہ ہمارے صدر نے اس پر توجہ دی اور ہمارے مقصد کی حمایت کی۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں