مریم اورنگزیب کا اگلے برس کو آبادی کی مینجمنٹ کا سال قرار دینے کا مطالبہ

پارلیمان ، گورنمنٹ ، سول سوسائیٹی ، اور میڈیا کو مل کر اِس اہم قومی مسئلہ پہ توجہ دینے کی ضرورت ہے، مسلم لیگ (ن)

جمعہ 24 ستمبر 2021 17:18

مریم اورنگزیب کا اگلے برس کو آبادی کی مینجمنٹ کا سال قرار دینے کا مطالبہ
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 ستمبر2021ء) پاکستان مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے اگلے برس کو آبادی کی مینجمنٹ کا سال قرار دینے کا مطالبہ کیا ہے ۔ اپنے بیان میں مریم اور نگزیب نے کہاکہ آبادی میں اضافہ پاکستان کے لئے ابھرتے ہوئے بڑے چیلنج کا باعث ہے ،تیزی سے بڑھتی آبادی اور کم ہوتے وسائل دونوں یکساں نوعیت کے خطرات ہیں ۔

انہوںنے کہاکہ آبادی میں اضافہ اوروسائل اور آمدن میں کمی پاکستان کے لئے پریشان کن اورتشویشناک صورتحال ہے۔ انہوںنے کہاکہ آبادی میں اضافے کی رفتار کے مقابلے میں پاکستان کا جی ڈی پی گروتھ نہ ہونے کے برابر ہے جو قومی ترقی کو حقیقت میں منفی دکھارہا ہے ،سیاسی تقسیم سے بالا تر ہوکر اس اہم مسئلے پر توجہ مرکوز کرنے کی ضرورت ہے ۔

(جاری ہے)

انہوںے کہاکہ 2022 کو پاپولیشن مینجمنٹ کا سال قرار دیا جائے اور اتفاق رائے سے پالیسی کو بہتر بنایا جائے ،آبادی میں اضافے سے فوڈسکیورٹی اور دیگر مسائل پیدا ہورہے ہیں جن کا قومی سطح پر ادراک کرنا ہوگا ۔

انہوںنے کہاکہ پارلیمنٹ کی سطح پر آبادی سے متعلق اہم معاملے کو مرکزی اہمیت دینے کی ضرورت ہے ،آبادی کے لحاظ سے پاکستان دنیا کا پانچواں بڑا ملک ہے ۔ انہوںنے کہاکہ جاب سکیورٹی ،صحت سمیت دیگر مسائل پیدا ہورہے ہیں ،اس معاملے پر لوکل گورنمنٹ کی سطح تک مین سٹریمنگ کی ضرورت ہے۔ انہوںنے کہاکہ پارلیمان ، گورنمنٹ ، سول سوسائیٹی ، اور میڈیا کو مل کر اِس اہم قومی مسئلہ پہ توجہ دینے کی ضرورت ہے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں