مفادات کے اسیر اور محلات کے مقیم حکمران عوامی مسائل کا ادراک اور انھیں حل کرنے کی صلاحیت سے عاری ہیں،سراج الحق

ملکی معیشت اور اداروں کو برباد کرنے والوں کو قوم کبھی معاف نہیں کریگی، حکمران اشرافیہ کا یوم حساب قریب آ گیا، وزیراعظم بتائیں ایک کروڑ نوکریاں کس کو دیں اور پچاس لاکھ گھر کہاں تعمیر کیی مدینہ کی ریاست کدھر ہے اور تبدیلی کے نعروں کا کیا بنا حیران ہوں مسلسل ڈھٹائی سے جھوٹ بولنے والوں کو شرم کیوں نہیں آتی،امیر جماعت اسلامی

جمعہ 24 ستمبر 2021 23:32

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 ستمبر2021ء) امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ مفادات کے اسیر اور محلات کے مقیم حکمران عوامی مسائل کا ادراک اور انھیں حل کرنے کی صلاحیت سے عاری ہیں۔ ملکی معیشت اور اداروں کو برباد کرنے والوں کو قوم کبھی معاف نہیں کرے گی۔ حکمران اشرافیہ کا یوم حساب قریب آ گیا، وزیراعظم بتائیں ایک کروڑ نوکریاں کس کو دیں اور پچاس لاکھ گھر کہاں تعمیر کیی مدینہ کی ریاست کدھر ہے اور تبدیلی کے نعروں کا کیا بنا حیران ہوں مسلسل ڈھٹائی سے جھوٹ بولنے والوں کو شرم کیوں نہیں آتی۔

عوام مزید مہنگائی کا بوجھ نہیں اٹھا سکتے۔ حکومت قوم کو مزید امتحان میں مبتلا نہ کرے۔ معیشت کو سود سے آزاد، آئی ایم ایف سے چھٹکارا حاصل کیے بغیر چارہ نہیں۔

(جاری ہے)

حکومت فوری طور پر اشیائے خورودنوش، ادویات،پیٹرول،بجلی اور گیس کی قیمتوں میں کم از کم 35سے 50فیصد کمی کرے۔ پی ٹی آئی کے اقتدار میں آنے کے تھوڑے عرصہ بعد ہی ثابت ہو گیا تھا کہ یہ لوگ بہتری نہیں لا سکتے۔

آج تین سال بعد ملک تیس سال پیچھے چلا گیا ہے۔ عوام سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ سرمایہ داروں، وڈیروں، چودھریوں، جاگیرداروں کو آئندہ الیکشن میں مسترد کر دے۔ ہم اپنے آپ کو قوم کے سامنے بہتر نعم البدل کے طور پر پیش کرتے ہیں۔ وعدہ کرتا ہوں کہ اللہ کی تائید و نصرت اور لوگوں کے اعتماد سے ملک کو ترقی کے راستہ پر ڈالیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے گوجرانوالہ میں مہنگائی اور بے روزگاری کے خلاف مظاہرہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

جماعت اسلامی کے زیر اہتمام جمعہ کو ملک بھر میں مہنگائی اور بے روزگاری کے خلاف مظاہرے ہوئے۔ گوجرانوالہ میں عوامی اجتماع سے نائب امیر جماعت اسلامی پروفیسر ابراہیم، سیکرٹری جنرل امیرالعظیم، امیر صوبہ پنجاب وسطی جاوید قصوری و دیگر قائدین نے بھی خطاب کیا۔ قبل ازیں امیر جماعت نے انٹرنیشنل پلیئرز کے اعزاز میں ناشتہ کی تقریب میں شرکت کی اور اس موقع پرگفتگو کرتے ہوئے ملک میں کھیلوں کی سرگرمیوں کے فروغ کی ضرورت پر زور دیا۔

انھوں نے نیوزی لینڈ اور انگلینڈ کی جانب سے دورہ پاکستان منسوخ کرنے کے اقدام پر انتہائی افسوس کا اظہار کرتے ہوئے اسے انڈیا اور امریکہ کی سازش قرار دیا۔ امیر جماعت نے اس امر پر بھی دکھ کا اظہار کیا کہ ملک کا وزیراعظم ایک کھلاڑی ہے، مگر اس کے دور اقتدار میں دوسروں شعبوں میں تو کیا کھیلوں میں بھی کوئی بہتری نہیں آئی۔امیر جماعت جو دیگر قیادت کے ہمراہ تین روزہ دورہ پر گوجرانوالہ میں ہیں، نے مزدور کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے یہ مطالبہ دہرایا کہ مزدور کی کم از کم تنخواہ میں مزدور تنظیموں کے مطالبات کے مطابق اضافہ کیا جائے۔

انھوں نے کہا کہ پرائیویٹ سیکٹر میں کام کے اوقات کارطے کیے جائیں، مزدوروں کی سوشل سیکیورٹی اور دیگر مراعات کو یقینی بنایا جائے۔ انھوں نے کہا کہ دوران کام جاں بحق ہونے والے مزدوروں کے بچوں اور فیملی کی نگہداشت کے اقدامات کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے، مگر سرمایہ دار حکمرانوں نے کبھی اس جانب توجہ نہیں دی۔ پی ٹی آئی کے دور میں مزدور، چھوٹے کسان، چھوٹے تاجر، دیہاڑی دار طبقہ مکمل طور پر پس کر رہ گیا ہے۔

انھوں نے اعلان کیا کہ جماعت اسلامی ملک بھر کے مزدوروں اور دیگر طبقات کو منظم اور متحد کرے گی۔ انھوں نے شرکا سے اپیل کی کہ وہ فلاحی اسلامی پاکستان کے قیام کے لیے جماعت اسلامی کے ساتھ مل کر جدوجہد کریں۔امیر جماعت نے گوجرانوالہ میں پی پی 57میں الیکشن آفس کا افتتاح کیا۔ انھوں نے جماعت اسلامی کے کارکنان کو ہدایات دیں کہ وہ پورے عزم اور ہمت کے ساتھ قرآن و سنت کا پیغام لوگوں تک پہنچائیں۔

انھوں نے کہا کہ ان شاء اللہ الیکشن میں سرپرائز دیں گے۔ جماعت اسلامی روایات کو برقرار رکھتے ہوئے اہل اور دیانتدار قیادت کو آگے لائے گی اور نوجوانوں کو زیادہ سے زیادہ مواقع دیے جائیں گے۔سراج الحق نے الخدمت فائونڈیشن کے زیر اہتمام یتیم اور بے سہارا بچوں کی کفالت کے لیے آغوش سنٹر کا افتتاح کیا اور الخدمت کی فلاحی سرگرمیوں کی تعریف کی۔

امیر جماعت نے اس عزم کا اعادہ کیاکہ محدود ذرائع کے باوجود جماعت اسلامی ملک و قوم کی خدمت جاری رکھے گی۔سراج الحق نے کہا کہ جماعت اسلامی معاشرہ کی تشکیل قرآنی تعلیمات کے مطابق کرنے کے لیے بھرپور جدوجہد کر رہی ہے۔ ہمارا یہ عزم ہے کہ پاکستان کو وہ منزل دلوائیں گے جس کی خاطر اسلامیان برصغیر نے قائداعظم کی رہنمائی میں قربانیاں دیں اور جدوجہد کی۔

انھوں نے موجودہ اور سابقہ حکومتوں کی پالیسیوں کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔ انھوں نے کہا کہ حکمران طبقہ یہ جان لے کہ عوام ان سے تنگ آ چکی ہے۔ اب لوگوں کو مزید بے وقوف نہیں بنایا جا سکے گا۔وقت بدل گیا ان شاء اللہ فتح حق اور سچ کی ہو گی اور اللہ کا نظام اللہ کی زمین پر قائم ہو گا۔مزید برآں جماعت اسلامی کے زیر اہتمام پشاور، لاہور، کوئٹہ اور دیگر شہروں میں مظاہرے ہوئے جن سے مرکزی اور صوبائی قائدین نے خطاب کیا۔ مظاہرہ میں عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کر کے کمر توڑ مہنگائی اور بے روزگاری کے خلاف نعرے لگائے اور جماعت اسلامی کا ساتھ دینے کا اعلان کیا۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں