افغان ایئرلائن کو پاکستان کیلئے پروازوں کی اجازت مل گئی

ہفتہ 25 ستمبر 2021 17:23

افغان ایئرلائن کو پاکستان کیلئے پروازوں کی اجازت مل گئی
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 ستمبر2021ء) افغان ایئرلائن کو پاکستان کیلئے پروازوں کی اجازت مل گئی، کام ایئر ہفتے میں 3پروازیں اسلام آباد سے افغانستان کیلئے آپریٹ کریں گی۔تفصیلات کے مطابق سول ایوی ایشن نے افغان ایئرلائن کواسلام آبادایئرپورٹ سے آپریشن کی اجازت دے دی ، کام ایئر ہفتے میں 3پروازیں اسلام آباد سے افغانستان کیلئے آپریٹ کریں گی۔

افغانستان کی وزارت شہری ہوابازی نے پاکستان کی سی اے اکو خط لکھا تھا ، جس میں آریانااورکام ائیرکی پاکستان کیلئے شیڈول پروازوں کے لئے اجازت طلب کی گئی تھی۔ذرائع کا کہنا ہے کہ ایئرلائنزآریانا نے تاحال اپنا فلائٹ شیڈول سی اے اے کو فراہم نہیں کیا۔پروازوں کی اجازت دونوں ممالک کے ایم اویو کی بنیاد پرمانگی گئی، خط میں کہا گیا کہ امریکی فوجیوں نے انخلاکے وقت کابل ائیرپورٹ کی تنصیبات تباہ کردی تھیں ، قطر نے کابل ایئرپورٹ پر ہوابازی کی تکنیکی سہولت بحال کی ہے۔

(جاری ہے)

یاد رہے رواں ماہ کے آغاز میں امریکی انخلا کے بعد کابل ایئرپورٹ کو فعال کردیا گیا تھا اور کابل سے مزار شریف کے لیے پہلی پرواز نے اڑان بھری تھی ، سربراہ افغان سول ایوی ایشن کا کہنا تھا کہ غیرملکی پروازیں شروع کرنے کے لیے کچھ وقت درکار ہے۔بعد ازاں 9 ستمبر کو کابل ایئر پورٹ سے بین الاقوامی پروازوں کے آغاز کا اعلان کیا گیا تھا، حکام نے کہا کہ کابل ایئر پورٹ سے بین الاقوامی پروازوں کا سلسلہ دوبارہ شروع ہو رہا ہے، قطر ایئرویز کی ایک پرواز غیر ملکی مسافروں کو لے کر کابل سے روانہ ہوئی۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں