وزیراعظم عمران خان افغانستان میں پائیدارامن کے خواہاں ہیں،افغانستان میں امن و استحکام سے دنیا کے امن کو سپورٹ ملے گی،وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد کی نجی ٹی وی چینل سے گفتگو

ہفتہ 25 ستمبر 2021 22:58

اسلام آباد۔25ستمبر  (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 25 ستمبر2021ء) :وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان افغانستان میں پائیدار امن کے خواہاں ہیں وہ چاہتے ہیں کہ پاکستان، چین، روس، ترکی، ایران اور ازبکستان سمیت امریکہ بھی افغانستان میں امن و استحکام کیلئے اپنا کردار ادا کرے، افغانستان میں امن و استحکام سے نہ صرف خطے میں استحکام آئے گا بلکہ دنیا کے امن کو سپورٹ ملے گی، مودی کے اقوام متحدہ جنرل اسمبلی میں خطاب سے ایسا لگ رہا تھا کہ جیسے کوئی یونین کونسل کا لیڈر تقریر کر رہا ہو۔

ہفتہ کو نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے اقوام متحدہ جنرل اسمبلی میں اپنے ورچوئل خطاب میں مسئلہ کشمیر اور افغانستان کو کور کیا ہے، وزیراعظم عمران خان چاہتے ہیں کہ افغانستان میں پائیدار امن کا قیام ہو، اسی سلسلے میں انہوں نے امریکہ پر بھی زور دیا ہے کہ وہ افغانستان میں امن کیلئے اپنا کردار ادا کرے اور افغانستان کے منجمند اثاثے بحال کرے تاکہ افغان عوام پر مزید بوجھ نہ پڑے۔

(جاری ہے)

شیخ رشید احمد نے کہا کہ مودی اقوام متحدہ جنرل اسمبلی میں اپنے خطاب میں بے ہنگم مارکیٹنگ کر رہا تھا، میں نے اقوام متحدہ جنرل اسمبلی اجلاس میں ایسی بے ہنگم اور بے ربط تقریر کبھی نہیں سنی، مودی کو افغانستان میں خواتین اور انسانی حقوق دکھائی دیتے ہیں لیکن بھارت میں اقلیتوں پر ہونے والے مظالم نظر نہیں آ رہے۔ انہوں نے کہا کہ افغانستان 40 سال جنگ کے بعد امن کی طرف جا رہا ہے،  بعض شرپسند عناصر افغانستان میں عدم استحکام پیدا کرنے کیلئے دھماکے کر رہے ہیں، افغانستان کا مستحکم ہونا خطے کے امن کیلئے ضروری ہے، امید ہے کہ طالبان بہتر طریقے سے حالات کو ہینڈل کریں گے، افغانستان میں امن و استحکام سے دنیا کے امن کو سپورٹ ملے گی۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں