پی آئی اے کا اعزاز، ہراسگی روکنے کیلیے شعور اجاگر کرنیوالی دنیا کی پہلی ایئرلائن بن گئی

بہنوں اور بیٹیوں کی حفاظت اور ان کے ساتھ حسن سلوک ہماری قومی روایت ،قومی ائیر لائن کا ایئرپورٹس اور جہاز میں ہراسگی کو روکنے کیلئے شعور اجاگر کرنے کا فیصلہ، ذرائع

Danish Ahmad Ansari دانش احمد انصاری اتوار 26 ستمبر 2021 21:50

پی آئی اے کا اعزاز، ہراسگی روکنے کیلیے شعور اجاگر کرنیوالی دنیا کی پہلی ایئرلائن بن گئی
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ، اخبار تازہ ترین، 26ستمبر 2021) بہنوں اور بیٹیوں کی حفاظت اور ان کے ساتھ حسن سلوک ہماری قومی روایت ،قومی ائیر لائن کا ایئرپورٹس اور جہاز میں ہراسگی کو روکنے کیلئے شعور اجاگر کرنے کا فیصلہ، پی آئی اے اس لحاظ سے دنیا کی پہلی ایئر لائن بن گئی۔تفصیلات کے مطابق پاکستان کی قومی ایئر لائن پی آئی اے اس لحاظ سے دنیا کی پہلی ایئر لائن بن گئی ہے کہ وہ اپنے دفاتر، ایئرپورٹس اور جہاز میں ہراسگی کو روکنے کے لیے شعور اجاگر کرے گی۔

نجی ٹی وی کے مطابق اس ضمن میں پی آئی اے، اقوام متحدہ کے ادارے برائے خواتین اور وفاقی محتسب برائے ہراسانی کے درمیان باقاعدہ ایک معاہدہ طے پا گیا ہے جس پر تینوں اداروں کے متعلقہ حکام نے دستخط کیے ہیں۔معاہدہ طے پانے کے موقع پر اقوام متحدہ کے ادارے برائے خواتین کی سربراہ شرمیلا رسول کا کہنا تھا کہ پاکستان جیسے ملک میں نصف آبادی خواتین پر مشتمل ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ خواتین کو محفوظ ٹرانسپورٹ اور ماحول فراہم کرنے سے ملک بہت زیادہ ترقی کرے گا۔وفاقی محتسب کشمالہ طارق نے پی آئی اے اور یو این ویمن کو اس ضمن میں مبارکباد بھی دی۔انہوں نے یقین دلایا کہ وفاقی محتسب معاشرے میں ہراسگی کو روکنے اور ہراساں کرنے والے کو منطقی انجام پہنچانے کے لیے سرگرم رہے گا۔پی آئی اے کے سی ای او ایئر مارشل ارشد ملک کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ یہ اقدام ایک پیغام اور عہد ہے کہ ہم پی آئی اے کے دفاتر میں اور پروازوں پر ہراسگی کو برداشت نہیں کریں گے۔

انہوں ںے کہا کہ اقوام متحدہ کی جانب سے پی آئی اے کا انتخاب ایئرلائن اور پاکستان کے لیے بلاشبہ ایک اعزاز ہے۔انہوں نے واضح طور پر کہا کہ بہنوں اور بیٹیوں کی حفاظت اور ان کے ساتھ حسن سلوک سے پیش آنا ہماری مذہبی اور قومی روایت ہے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں