شہباز شریف سے امیر مقام کی ملاقات ،برطانوی عدالت سے بریت کے فیصلے پر شہبازشریف کو مبارک دی

ہمارا راستہ روکنے کے لئے بنائی گئی جھوٹ کی دیواریں الزام لگانے والوں پر ہی گر پڑی ہیں، امیر مقام کی گفتگو

منگل 28 ستمبر 2021 16:27

شہباز شریف سے امیر مقام کی ملاقات ،برطانوی عدالت سے بریت کے فیصلے پر شہبازشریف کو مبارک دی
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 ستمبر2021ء) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہبازشریف سے پارٹی کے خیبرپختونخوا کے صدر انجینئر امیر مقام نے ملاقات کی جس میں امیر مقام نے برطانوی عدالت سے بریت کے فیصلے پر شہبازشریف کو مبارک دی ۔ امیر مقام نے کہاکہ پاکستان کے بعد برطانیہ کی عدالتوں کے فیصلوں سے عوام اور پارٹی کارکنان کے سرفخر سے بلند ہوگئے ہیں،اللہ تعالی کے فضل وکرم سے الزام لگانے والے ایک بار پھر جھوٹے ثابت ہوگئے۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہاکہ پہلے سے بھی زیادہ محنت، توجہ اور جذبے سے پاکستان اور عوام کی خدمت کریں گے ،ہمارا راستہ روکنے کے لئے بنائی گئی جھوٹ کی دیواریں الزام لگانے والوں پر ہی گر پڑی ہیں۔امیر مقام نے کہاکہ 20 سال سے جو جھوٹ بولا جارہا تھا، اللہ تعالی نے اس کی حقیقت پوری دنیا پر آشکارہکردی ،مدعی لاکھ برا چاہے تو کیا ہوتا ہے، وہی ہوتا ہے جو منظور خدا ہوتا ہے، الحمداللہ ۔ انہوںنے کہاکہ عوام کا شکریہ ادا کرتے ہیں جنہوں نے نوازشریف سمیت پوری مسلم لیگ (ن) کے خلاف جھوٹ کے بیانیے کو کبھی قبول نہیں کیا۔شہبازشریف نے امیر مقام کی آمد اور نیک تمنائوں کے اظہار پران کا شکریہ ادا کیا۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں