پٹرول اور بجلی کے بعد اوپن مارکیٹ میں درجہ دوم کا گھی اور کوکنگ آئل بھی مہنگا ہو گیا

درجہ دوم کا گھی5 روپے اور کوکنگ آئل 15 روپے مہنگا، درجہ دوم کا گھی اور کوکنگ آئل مہنگا ہونے سے غریب اور متوسط طبقات براہ راست متاثر ہوں گے

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ ہفتہ 16 اکتوبر 2021 17:49

پٹرول اور بجلی کے بعد اوپن مارکیٹ میں درجہ دوم کا گھی اور کوکنگ آئل بھی مہنگا ہو گیا
لاہور (اُردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 16اکتوبر 2021ء) پیٹرول اور بجلی کے بعد اوپن مارکیٹ میں درجہ دوم کا گھی اور کوکنگ آئل بھہ مہنگا کردیا گیا، درجہ دوم کا گھی5 روپے اور کوکنگ آئل 15 روپے مہنگا کردیا گیا ہے، خوردنی تیل کی قیمت 340 روپے اور گھی 330 روپے کلو ہوگیا۔ تفصیلات کے مطابق ملک میں مہنگائی کا سونامی تھمنے کا نام نہیں لے رہا، غریبوں اور متوسط طبقات کا دو وقت کی روٹی کھانا، ادویات اور سکولوں کی فیس کے پیسے پورے کرنا محال ہوگیا ہے، پیٹرول ، بجلی اور یوٹیلیٹی اسٹور میں اشیاء کی قیمتوں میں اضافے کے بعد اوپن مارکیٹ میں بھی درجہ دوم کا گھی اور خوردنی تیل مہنگا کردیا گیا ہے۔

درجہ دوم کا گھی 5 روپے فی کلو اور درجہ دوم کا کوکنگ آئل 15 روپے لیٹر تک مہنگا کر دیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

درجہ دوم کے گھی کی نئی قیمت 325 روپے سےبڑھ کر 330 روپے فی کلو اور خوردنی تیل 325 روپے سے بڑھ کر 340 روپے فی لیٹر ہوگئی ہے۔ گزشتہ روز حکومت نے درجہ اول کا گھی38 روپے اور درجہ اول کا خوردنی تیل 48 روپے لیٹر تک مہنگا کیا، جس کے بعد قیمت 361 روپے سے بڑھا کر 409 روپے فی لیٹر کردی گئی ہے۔

درجہ دوم کا گھی اور کوکنگ آئل مہنگا ہونے سے غریب اور متوسط طبقات براہ راست متاثر ہوں گے۔دوسری جانب یوٹیلٹی اسٹورز پر بھی ایک بار پھر مختلف اشیاء کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ کردیا گیا، مختلف برانڈز کا گھی 15 سے 49 روپے فی کلو مہنگا کردیا گیا، مختلف برانڈز کے کوکنگ آئل 14 سے 110 روپے فی لیٹر تک مہنگا کردیا گیا۔ کپڑے دھونے کے 2 کلو پاؤڈر کی قیمت میں 10 سے21 روپے، جوتے چمکانے والی 42 ملی گرام پالش10 روپے، شیمپو کی 180 ملی لیٹر قیمت میں 4 روپے کا اضافہ کردیا گیا۔ ہینڈ واش کی 228 ملی لیٹر قیمت میں 9 روپے، شربت کی 800 ملی لیٹر قیمت میں 40 روپے،اچار کی 300 گرام قیمت 20 سے 44 روپے تک بڑھا دی گئی ہے۔ 

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں