نیب ترامیم؛ اپوزیشن سے بات کے لیے اسپیکر قومی اسمبلی کو ٹاسک سونپ دیا گیا

اسپیکر اسد قیصر نیب ترمیمی آرڈیننس کے حوالے سے اپوزیشن کے رہنماؤں سے رابطہ کریں گے ۔ ذرائع

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین پیر 18 اکتوبر 2021 11:22

نیب ترامیم؛ اپوزیشن سے بات کے لیے اسپیکر قومی اسمبلی کو ٹاسک سونپ دیا گیا
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 18 اکتوبر 2021ء) : حکومت نے نیب ترمیمی آرڈیننس پراپوزیشن سے ایک اور رابطے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق ذرائع نے بتایا کہ ہے کہ نیب ترامیم پر اپوزیشن سے بات چیت کے لئے اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کو ٹاسک سونپ دیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق اسپیکر اسد قیصر نیب آرڈیننس کے حوالے سے اپوزیشن سے رابطہ کریں گے، اپوزیشن جو ترمیم لانا چاہتی ہے حکومتی ٹیم اس کے ساتھ بیٹھے گی، اور اپوزیشن کی جن ترامیم پر حکومت کو اتفاق ہو گا اس کو ایکٹ کے لیے بل میں شامل کیا جائے گا۔

ذرائع کے مطابق اس حوالے سے اپوزیشن سے رابطہ آئندہ ہفتے میں کیا جائے گا۔ اپوزیشن کی جن ترامیم پر اتفاق ہو گا اس کو ایکٹ بنانے کے لیے بل میں شامل کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

یاد رہے کہ گذشتہ روز وفاقی وزیراطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے کہا تھا کہ نیب آرڈیننس کے معاملے پر اپوزیشن سے ایک اور رابطہ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ نجی ٹی وی کے مطابق سینئر صحافیوں اور نیوز اینکرز سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے فواد چوہدری نے بتایا کہ حکومت نیب آرڈیننس کے معاملے پر اپوزیشن سے ایک اور رابطہ کرے گی۔

فواد چوہدری نے کہا کہ نیب ترامیم کے معاملے پر اپوزیشن سے بات چیت کیلئے سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کو اہم ٹاسک سونپا گیا ہے، وہ اس معاملے پر اپوزیشن سے رابطہ کریں گے۔ واضح رہے کہ وفاقی حکومت کی جانب سے جاری نیب آرڈیننس کو اسلام آباد ہائیکورٹ میں چیلنج کیا گیا ہے۔اسلام آباد ہائیکورٹ میں عبدالطیف قریشی نامی شخص نے وفاقی حکومت کی جانب سے جاری نیب آرڈیننس کو چیلنج کیا۔ قبل ازیں نیب ترمیمی آرڈیننس 2021ء کو لاہور ہائیکورٹ میں بھی چیلنج کیا گیا تھا۔ جس میں نیب کے ترمیمی ارڈینس کو کالعدم قرار دینے کی استدعا کی گئی تھی۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں