بیرون ملک مقیم پاکستانی ملکی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی مانند، حکومت تارکین وطن کو بغیر کسی رکاوٹ کے مالی خدمات فراہم کرنے کے لئے پرعزم ہے، مشیر خزانہ شوکت ترین

پیر 18 اکتوبر 2021 16:53

نیو یارک(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 اکتوبر2021ء) مشیر خزانہ و محصولات شوکت فیاض احمد ترین نے کہا  ہے کہ بیرون ملک مقیم پاکستانی کمیونٹی ملکی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے،  اوور سیز پاکستانی روشن ڈیجیٹل اکاونٹس کھولیں اور اس اقدام کے تحت پیش کی جانے والی متعدد مصنوعات سے استفادہ کریں، حکومت دنیا بھر میں مقیم تارکین وطن کو بغیر کسی رکاوٹ کے مالی خدمات فراہم کرنے کے لئے پرعزم ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے نیو یارک میں پاکستانی قونصلیٹ جنرل کے زیر اہتمام ” روشن ڈیجیٹل اکاونٹس: بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے لیے فوائد “ کے عنوان سے مباحثے کے دوران پاکستانی کمیونٹی کے اراکین سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔نیو یارک میں پاکستانی قونصلیٹ جنرل نے مشیر خزانہ و محصولات شوکت فیاض احمد ترین کے ساتھ ” روشن ڈیجیٹل اکاونٹس: بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے لیے فوائد “ کے عنوان سے مباحثے کا اہتمام کیا۔

(جاری ہے)

اس مباحثے کے پینل میں سٹیٹ بینک آف پاکستان کے گورنر ڈاکٹر رضا باقر اور انسٹی ٹیوٹ آف بزنس ایڈمنسٹریشن (آئی بی اے) کراچی کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر ڈاکٹر ایس اکبر زیدی بھی شریک ہوئے۔مشیر برائے خزانہ و محصولات شوکت ترین نے اپنے کلیدی خطاب میں دنیا بھر میں مقیم تارکین وطن پاکستانی کمیونٹی کے افراد کو بغیر کسی رکاوٹ کے مالی خدمات فراہم کرنے کے حکومتی عزم کا اعادہ کیا۔

انہوں نے پاکستانی نژاد امریکیوں کو روشن ڈیجیٹل اکائونٹس (آر ڈی اے) کی پیش کردہ سہولیات کو استعمال کرنے کی ترغیب دی۔ انہوں نے مختلف اصلاحات کی بھی وضاحت کی جو حکومت پاکستان معیشت کی پائیدار اور جامع ترقی کو یقینی بنانے کے لیے کر رہی ہے۔ گورنر سٹیٹ بینک  ڈاکٹر رضا باقر نے حکومت پاکستان کی جانب سے روشن ڈیجیٹل اکاونٹ اقدام کے بارے میں بریف کیا اور بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی اس سکیم سے فائدہ اٹھانے کی حوصلہ افزائی کی۔

انہوں نے تارکین وطن کمیونٹی اراکین کو یہ بھی یقین دلایا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی سہولت کے لیے بینکنگ کے شعبے میں جدت سٹیٹ بینک آف پاکستان کے لیے سب سے بڑی ادارہ جاتی ترجیح ہے۔ڈاکٹر ایس اکبر زیدی نے کہا کہ پاکستان کی معیشت انفارمیشن ٹیکنالوجی (آئی ٹی) سمیت کئی صنعتی شعبوں کے بدولت بحال ہوئی ہے۔ انہوں نے اعلیٰ تعلیم کے شعبوں میں حالیہ پیش رفتوں پر بھی روشنی ڈالی۔

تقریب میں پاکستانی نژاد امریکیوں کی بڑی تعداد نے بھی شرکت کی جن میں مالیاتی شعبے کے پیشہ ور افراد ، آئی بی اے کراچی کے سابق  طلبہ  اور مختلف پیشہ ورانہ پس منظر  رکھنے والے کمیونٹی کے دیگر افراد شامل ہیں۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے مشیر خزانہ نے کہا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانی کمیونٹی ملکی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے۔

انہوں نے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں پر زور دیا کہ وہ روشن ڈیجیٹل اکاونٹس کھولیں اور اس اقدام کے تحت پیش کی جانے والی متعدد مصنوعات کے بارے میں تفصیل سے بات کی۔ پاکستانی نژاد امریکی پیشہ ور افراد جن میں بینکر ، سرمایہ کار اور دیگر شامل ہیں نے پاکستانیوں کے لیے اہم اقدامات پر حکومت کا شکریہ ادا کیا اور پاکستان کے لئے کام جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔ اپنے اختتامی کلمات میں مشیر خزانہ نے پاکستانی نژاد امریکیوں کی گرانقدر شرکت کو سراہا اور انہیں مکمل تعاون اور سہولت کی یقین دہانی کرائی۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں