حکومت اور فوج میں ڈی جی آئی ایس آئی کی تقرری کے معاملات طے پاگئے

وزیراعظم اور آرمی چیف کی ملاقاتیں ہوتی رہتی ہیں،آج بھی ملاقات ہوئی ہے، فوج حکومت میں اختلافات ہوں تواپوزیشن خوش جبکہ معاملات ٹھیک ہوں تو فوج کیخلاف تقاریرکرتی ہے۔ وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری کی میڈیا سے گفتگو

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ پیر 18 اکتوبر 2021 18:48

حکومت اور فوج میں ڈی جی آئی ایس آئی کی تقرری کے معاملات طے پاگئے
اسلام آباد (اُردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 18 اکتوبر2021ء) وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات فواد چودھری نے کہا ہے کہ حکومت اور فوج میں ڈی جی آئی ایس آئی کی تقرری کے معاملات طے پا گئے ہیں، وزیراعظم اور آرمی چیف کی ملاقاتیں ہوتی رہتی ہیں، آج بھی ملاقات ہوئی ہے سارے معاملات طے پا گئے ہیں، فوج اور حکومت میں اختلاف ہوجائیں تواپوزیشن ہنستی مسکراتی ہے، معاملات ٹھیک ہونے پر فوج کیخلاف تقاریر کی جاتی ہیں۔

انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سندھ میں آٹا سب سے مہنگا ہے، سندھ نے گندم ریلیز کردی ہے وہاں آٹے کی قیمت کم ہوجائے گی، ہم کسی دوسرے سیارے پر نہیں رہ رہے ، دنیا میں پٹرول کی قیمتیں کم ہوں گی تو پاکستان میں بھی کم ہوجائیں گی، احسن اقبال اور شہبازشریف سب شعبدہ بازی پر لگے ہوئے ہیں، ان کو لوگ مذاق کے طور پر لیتے ہیں، ان کے پاس مہنگائی کا کوئی حل ہے تو بتائیں۔

(جاری ہے)

اپوزیشن آج سیشن کا بائیکاٹ کرکے چلی گئی ہے، ان کو بس کوئی بہانہ چاہیے ہوتا ہے ، پہلے اپوزیشن کو تھا کہ فوج اور حکومت میں اختلاف ہوجائے تو دو دن ہنستے مسکراتے رہے، اب ساری مسکراہٹیں پھر ختم ہورہی ہیں، اپوزیشن کو احتجاج کا بہانہ چاہیے۔فواد چودھری نے کہا کہ اپوزیشن جمہوریت پسند لوگ نہیں ہیں، یہ سب ڈیل کی تلاش میں ہیں، ایک دن پتا چلتا ہے فوج اور حکومت میں اختلافات ہوگئے ہیں، تو دوسرے دن پتا چلتا ہے تو پھر فوج کیخلاف تقاریر شروع کردیتے ہیں۔

اپوزیشن کو چاہیے اپنی پالیسی مرتب کرے اور انتخابی اصلاحات پر ہمارے ساتھ بیٹھیں۔ فضل الرحمان کا جتنا استعمال ہونا تھا ہوچکا ہے، اب وہ گھِس چکے ہیں، مولانا سیاسی طور پر چلی ہوئی کارتوس ہے۔ مولانا کو میرا مشورہ ہے کہ ان کی سیاست ختم ہوگئی ہے ان کو چاہیے جلسوں کیلئے رینٹ کراؤڈ کا کام شروع کردیں۔مہنگائی کا مل کر مقابلہ کرنا ہے، میڈیا مالکان اور نجی ادارے ورکرز کی تنخواہوں میں اضافہ کریں۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم اور آرمی چیف کی ملاقاتیں ہوتی رہتی ہیں،آج بھی ملاقات ہوئی ہے، سارے معاملات طے پا گئے ہیں۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں