حقیقی کامیابی صرف قرآن پاک کی تعلیمات اور حضرت محمد ؐ کی سنت پر عمل پیرا ہو کر حاصل ہو سکتی ہے، وزیر قانون فروغ نسیم

پیر 18 اکتوبر 2021 20:45

حقیقی کامیابی صرف قرآن پاک کی تعلیمات اور حضرت محمد ؐ کی سنت پر عمل پیرا ہو کر حاصل ہو سکتی ہے، وزیر قانون فروغ نسیم
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 اکتوبر2021ء) وفاقی وزیر برائے قانون و انصاف بیرسٹر ڈاکٹر محمد فروغ نسیم نے عید میلادالنبی ؐ کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ حقیقی کامیابی صرف قرآن پاک کی تعلیمات اور حضرت محمد ؐ کی سنت پر عمل پیرا ہو کر حاصل ہو سکتی ہے۔یہ بات انہوں نے عید میلادالنبیؐ 1443ھ کے موقع پر اپنے پیغام میں کہی۔

انہوں نے کہا کہ آج 12 ربیع الاول عید میلاد النبی ؐ کے مبارک موقع پر تمام مسلمانان عالم کو مبارکباد پیش کرتا ہوں، آج کا دن وجہ وجود کائنات کے اس دنیا میں آنے کی خوشی منانے کا دن ہے،آج کا دن اللہ تعالی کے حضور خصوصی شکر بجالانے کا دن ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم خوش قسمت ہیں کہ ہم نبی آخر زمان حضرت محمد مصطفی ؐ کے امتی ہیں، اللہ تعالی کے حضور دین اسلام کی سربلندی کے لئے دعا گو ہوں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اللہ تعالی نے حضور نبی اکرم ؐکو نہ صرف مسلمانوں کے لئے رحمت بنا کر بھیجا بلکہ رحمتہ للعالمین بنا کر بھیجا۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ حقیقی کامیابی صرف قرآن پاک کی تعلیمات اور حضرت محمد مصطفی ؐ کی سنت پر عمل پیرا ہو کر حاصل ہو سکتی ہے، حضرت محمد ؐ سے محبت اور احترام کا اظہار کرنے کی بنیادی شرط ان کی سنت اور تعلیمات پر عمل پیرا ہونا ہے۔

انہوں نے کہا کہ آج کے اس مبارک دن کے موقع پر فرقہ وارانہ سوچ کو خیرباد کہہ کر ملک و قوم کی ترقی کے لئے ایک ہو کر کام کرنے کا عہد کرنا چاہئے، حضرت محمد مصطفی ؐ کی ولادت باسعادت نے دنیا سے ظلم اور جہالت کے اندھیروں کو ہمیشہ کے لئے ختم کر دیا۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ آج کے اس مبارک دن کے موقع پر اللہ تعالی سے دعا ہے کہ پاکستان کو ریاست مدینہ جیسا بنانے کی ہماری کوششوں کو کامیاب کرے، آج کے مبارک دن دعا ہے کہ ہم ملک پاکستان میں ایسا نظام عدل نافذ کرنے میں کامیاب ہو سکیں جہاں قانون سب کے لئے برابر ہو۔

متعلقہ عنوان :

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں