مہنگائی کی ستائی عوام پر ایک اور بوجھ ڈالنے کی تیاریاں

بجلی کی قیمت میں 2 روپے 65 پیسے فی یونٹ اضافہ کا امکان ہے

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین بدھ 20 اکتوبر 2021 10:54

مہنگائی کی ستائی عوام پر ایک اور بوجھ ڈالنے کی تیاریاں
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 20 اکتوبر 2021ء) : مہنگائی کی ستائی ہوئی عوام پر حکومت نے ایک اور بوجھ ڈالنے کی تیاری کر لی ہے۔ تفصیلات کے مطابق پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ہوشربا اضافے کے بعد اب بجلی کی قیمتوں میں بھی اضافے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔ تفصیلات کے مطابق بجلی کی قیمت میں 2 روپے 65 پیسے فی یونٹ اضافہ کا امکان ہے۔ سنٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی(سی پی پی اے) نے ستمبر کی فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی مہنگی کرنے کی درخواست دائر کی جس پر نیشنل الیکٹرک پاورریگولیٹری اتھارٹی(نیپرا) 27 اکتوبر کو سماعت کے بعد فیصلہ کرے گا۔

درخواست میں کہا گیا کہ ستمبر میں پانی سے36 اعشاریہ دو فیصد بجلی پیدا کی گئی اور کوئلے سے 17 اعشاریہ صفر پانچ فیصد بجلی پیدا کی گئی جبکہ مہنگے فرنس آئل سے پیدا ہونے والی بجلی کی لاگت 19 روپے 23 پیسے فی یونٹ رہی، مقامی گیس سے8اعشاریہ نو فیصد جبکہ درآمد ایل این جی سے 18 اعشاریہ نو فیصد بجلی پیدا کی گئی۔

(جاری ہے)

یاد رہے کہ پانچ روز قبل حکومت نے بجلی کی قیمت میں ایک روپے 68 پیسے اضافہ کیا تھا۔

میڈیا ذرائع کے مطابق وفاقی کابینہ نے سرکولیشن سمری کے ذریعے بجلی مہنگی کرنے کی منظوری دی ہے جس کا اطلاق فوری طور پر ہوگا۔ ذرائع کے مطابق بجلی کی قیمتوں میں اضافے کی سمری وزارت توانائی کی جانب سے بھجوائی گئی تھی۔ یاد رہے کہ گذشتہ ہفتے بجلی کی قیمت میں 1 روپے 95 پیسے فی یونٹ اضافے کی منظوری دی گئی تھی۔ بجلی کی قیمت میں اضافہ اگست کی ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں کیا گیا تھا۔ اس اعلان کے مطابق بجلی کی قیمت میں اضافے کا اطلاق اکتوبر کے مہینے کے بلوں پر ہوگا ، اضافے کا اطلاق ڈسکوز کے تمام صارفین ماسوائے لائف لائن صارفین پر ہوگا جب کہ فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کا اطلاق کے الیکٹرک صارفین پر نہیں ہوگا۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں