سپریم کورٹ نے بلدیاتی حکومتوں کی بحالی میں تاخیر پر تحقیقات کروانے کا فیصلہ کر لیا

عدالت نے چیف سیکریٹری پنجاب، سابق چیف سیکریٹری اور سیکریٹری لوکل گورنمنٹ کو ذاتی حیثیت میں طلب کرلیا

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین بدھ 20 اکتوبر 2021 13:16

سپریم کورٹ نے بلدیاتی حکومتوں کی بحالی میں تاخیر پر تحقیقات کروانے کا فیصلہ کر لیا
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 20 اکتوبر 2021ء) : سپریم کورٹ نے بلدیاتی حکومتوں کی بحالی میں تاخیر پر تحقیقات کروانے کا فیصلہ کر لیا۔ تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ میں بلدیاتی اداروں کی بحالی سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی۔ دوران سماعت پنجاب حکومت نے سپریم کورٹ میں بلدیاتی اداروں کی بحالی کا نوٹیفکیشن پیش کیا۔ چیف جسٹس گلزار احمد نے ریمارکس دیئے کہ پنجاب حکومت کے نوٹیفکیشن کی ڈرافٹنگ ہی درست نہیں۔

صوبائی حکومت سمجھتی ہے بلدیاتی ادارے انہوں نے بحال کیے۔ وکیل نے مؤقف اپنایا کہ لاہور ہائیکورٹ میں پنجاب حکومت نے کہا کہ عدالتی حکم پر عمل نہیں ہوسکتا۔ سپریم کورٹ نے لاہور ہائیکورٹ کی تمام کارروائی کا ریکارڈ بھی طلب کر لیا ہے۔ عدالت نے ریمارکس دیئے کہ تحقیقات کرکے معاملے کی تہہ تک جائیں گے۔

(جاری ہے)

جو بھی ذمہ دار ہوا اسے کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا۔

جسٹس مظہر عالم میاں خیل نے کہا کہ تحریری جواب میں ہے کہ وزیراعلیٰ کو سمری بھیجی تھی۔ سپریم کورٹ میں بلدیاتی اداروں کی بحالی سے متعلق کیس کی مزید سماعت 2 ہفتے تک ملتوی کر دی گئی۔ عدالت نے لوکل گورنمنٹس کی بحالی میں تاخیر پر تحقیقات کروانے کا فیصلہ کرتے ہوئے لاہور ہائیکورٹ کے حکم ناموں کی مصدقہ نقول طلب کر لیں اور ہائیکورٹ میں پنجاب حکومت اور سرکاری حکام کے جمع تحریری جوابات بھی طلب کرلیے۔

علاوہ ازیں عدالت عظمیٰ نے چیف سیکرٹری پنجاب، سابق چیف سیکرٹری پنجاب، سیکرٹری لوکل گورنمنٹ کو بھی ذاتی حیثیت میں طلب کر لیا۔ سپریم کورٹ کے باہر میئر لاہور کرنل (ر) مبشر جاوید نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بلدیاتی نمائندگان نے اپنی ذمہ داریاں سنبھال لی ہیں، سپریم کورٹ نے آج تاریخی حکم دیا ہے۔ جبکہ میئر راولپنڈی سردار نسیم کا کہنا تھا کہ پاکستان تحریک انصاف نے ہمارے فنڈز ایم این ایز اور ایم پی ایز کو دیئے، بلدیاتی اداروں کو بحال نہ کرنے کے ذمہ دار وزیر اعظم عمران خان اور وزیر اعلی پنجاب ہیں، کیونکہ مسلم لیگ ن سمیت مختلف جماعتوں سے بلدیاتی نمائندگان منتخب ہوئے تھے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں