امریکی ناظم الامور کو بھی پتہ ہے کہ نون اور شین دو لیگ ہیں

جب الیکشن آئے گا تو ایک نئی الائنمنٹ ہوگی،الیکشن سے قبل تیسری لیگ وجود میں آجائے گی۔وزیر داخلہ شیخ رشید کی میڈیا سے گفتگو

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان بدھ 20 اکتوبر 2021 13:32

امریکی ناظم الامور کو بھی پتہ ہے  کہ نون اور شین دو لیگ ہیں
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 20 اکتوبر 2021ء) :وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے تیسری لیگ کے وجود میں آنے کی پیشگوئی کر دی۔تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے دعوی کیا ہے کہ الیکشن سے قبل تیسری لیگ وجود میں آجائے گی۔انہوں نے کہا کہ امریکی ناظم الامور کو بھی پتہ ہے کہ  نون اور شین دو لیگ ہیں۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان خود ہر ہفتے مہنگائی کے مسئلہ کو دیکھ رہے ہیں۔

کوشش ہے کہ ڈالر کی نقل وحمل روکی جائے۔اپوزیشن احتجاج کرے لیکن آئین اور قانون کسی کو ہاتھ میں نہیں لینے دیں گے۔شیخ رشید نے کہا کہ جب الیکشن آئے گا تو ایک نئی الائنمنٹ ہوگی۔شہباز شریف کی اگر کسی سے ملاقات ہوئی تو اچھی بات ہے۔الیکشن سے پہلے دنگا فساد کرنے والے اپنے لیے گڑھا کھو دیں گے۔

(جاری ہے)

مجھے خوشی ہے کہ پی ڈی ایم نے احتجاج کے لیے میرے شہر کا انتخاب کیا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی نیوی نے تیسری دفعہ بھارت کو شٹ اپ کال دی ہے۔ وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے پاکستانی حدود میں داخل ہونے کی کوشش کرنے والی بھارتی آبدوز کو نشانہ بنانے پر پاک بحریہ کے جوانوں کو خراج تحسین پیش کیا۔بھارتی آبدوز نے پاکستانی حدود میں داخل ہونےکی کوشش کی، جس کا پاکستان نیوی نے سراغ لگایا اور اُس کو نشانہ بنایا، بروقت کارروائی اور سراغ لگانے پر پاک بحریہ کو سلام پیش کرتا ہوں۔

انہوں نے کہا کہ سمندری حدود کے دفاع میں پاک بحریہ کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کا میں پہلے ہی معترف ہوں، رواں ماہ آبدوز حمزہ کے دورے سے میرا یقین مزید پختہ ہوگیا ہے۔ شیخ رشید احمد کا کہنا تھا کہ بھارت شاید بھول بیٹھا تھا کہ پاک بحریہ بھی ہمہ وقت مستعد اور چوکس ہے، دنیا بھارت کی پاکستان مخالف جارحیت کا نوٹس لے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں