اپوزیشن کی مہنگائی کے خلاف تحریک، وزیراعظم نے پارٹی کو متحرک کرنے کا فیصلہ کر لیا

وزیراعظم نے الگ الگ اجلاس طلب کر لیے، اجلاسوں میں پارٹی کو منظم کرنے کے حوالے سے مشاورت ہو گی۔ ذرائع

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین بدھ 20 اکتوبر 2021 13:41

اپوزیشن کی مہنگائی کے خلاف تحریک، وزیراعظم نے پارٹی کو متحرک کرنے کا فیصلہ کر لیا
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 20 اکتوبر 2021ء) : اپوزیشن جماعتوں کی مہنگائی کے خلاف تحریک کے پیش نظر وزیراعظم عمران خان نے پارٹی کو متحرک اور فعال کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے، تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے ملک میں مہنگائی کی صورتحال ، اس پر اپوزیشن کے احتجاج اور دیگر معاملات پر مشاورت کے لیے الگ الگ اجلاس طلب کر لیے۔ وزیراعظم عمران خان کی جانب سے پارٹی کی مرکزی اور صوبائی قیادت کے اجلاس طلب کیے گئے ہیں۔

مرکزی و صوبائی قیادت کے اجلاس آج شام وزیراعظم ہاؤس میں ہی ہوں گے۔ ذرائع نے بتایا کہ اجلاس میں سیاسی اور پارلیمانی امور پر مشاورت کی جائے گی۔ اپوزیشن کی مہنگائی کے خلاف تحریک کے پیش نظر وزیراعظم عمران خان نے حکومتی جماعت کو متحرک کرنے کا فیصلہ بھی کر لیا ہے۔

(جاری ہے)

وزیراعظم نے اہم قومی ایشوز پر پارٹی کی مرکزی و صوبائی قیادت سے مشاورت کا فیصلہ کر لیا ہے۔

پاکستان تحریک انصاف کی مرکزی و صوبائی قیادت کے تین الگ الگ اجلاس طلب کیے گئے ہیں۔ پاکستان تحریک انصاف پنجاب اور مرکزی قیادت کا اجلاس آج شام پونے 4 بجے وزیراعظم ہاؤس میں ہو گا۔ ذرائع نے بتایا کہ ان اجلاسوں میں پارٹی کو فعال اور منظم کرنے کے حوالے سے بھی صلاح مشورے ہوں گے۔ وزیراعظم عمران خان انتخابی اصلاحات سے متعلق بھی اجلاسوں میں مشاورت کریں گے۔

اس کے علاوہ وزیراعظم عمران خان قومی ایشوز پر پارٹی قیادت کے نقطہ نظر سے آگاہ کریں گے۔ اجلاس میں وزرا اور پارٹی قیادت سے مہنگائی میں کمی پر رائے لی جائے گی۔ ان اجلاسوں میں ڈینگی سے نمٹنے اور حکومتی اقدامات پر بھی بریفنگ لی جائے گی۔ واضح رہے کہ مسلم لیگ ن نے مہنگائی کے پیش نظر حکومت کو ٹف ٹائم دینے کی تیاری کر لی ہے۔ مسلم لیگ ن کی جانب سے ملک گیر احتجاج، ریلیوں، جلوسوں اور مظاہروں کے پروگرام کو حتمی شکل دے دی گئی ہے۔ ملک گیر احتجاج کے سلسلے میں مرکز اور صوبائی سطح پر مختلف کمیٹیاں تشکیل دی گئی ہیں۔ مہنگائی کے خلاف ملک گیر احتجاج کے سلسلے میں پہلا احتجاجی مظاہرہ راولپنڈی میں کرنے کا اعلان کیا گیا ہے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں