آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس میں گرفتار پیپلزپارٹی رہنما سید خورشید شاہ کی ضمانت سے متعلق دائر درخواست پر سماعت کل ہو گی

بدھ 20 اکتوبر 2021 16:35

آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس میں گرفتار  پیپلزپارٹی رہنما سید خورشید شاہ کی ضمانت سے متعلق  دائر درخواست پر سماعت کل ہو گی
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 اکتوبر2021ء) سپریم کورٹ میں آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس میں گرفتار  پیپلزپارٹی رہنما سید خورشید شاہ کی ضمانت سے متعلق  دائر درخواست پر سماعت کل جمعرات کو ہوگی ۔ بدھ کو جسٹس عمر عطا بندیال اور جسٹس منصور علی شاہ پر مشتمل دو رکنی بینچ نے آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس میں  گرفتار پیپلز پارٹی رہنما خورشید شاہ کی ضمانت سے متعلق دائر  درخواست کی سماعت کی ۔

دوران سماعت نیب پراسیکوٹر نے دلائل دیتے ہوئے موقف اپنایا کہ نیب آرڈیننس آنے سے نیب دائرہ اختیار پر مختلف ابہام ہیں،نیب آرڈیننس پر کلئیرنس کیلئے حکومت نے کمیٹی تشکیل دی ہے،عدالت سے استدعا ہے کہ نیب آرڈیننس پر کلئیرنس کیلئے  وقت دیا جائے ۔  اس دوران جسٹس منصور علی شاہ نے استفسار کیا کہ آپ صرف یہ بتا دیں کہ موجودہ کیس نیب دائرکار میں ہے یا نہیں۔

(جاری ہے)

دوران سماعت خورشید شاہ کے وکیل  مخدوم علی خان نے دلائل دیتے ہوئے موقف اپنایا کہ سارا مسئلہ 574 ایکڑ زمین کی خریداری پر دی گئی رقم کا ہے، میرے موکل پر نیب نے جو  الزامات لگائے وہ ریفرنس کا حصہ نہیں بنائے گئے،چئیرمین نیب کی طرف سے خورشید شاہ کی گرفتاری کا بھی کوئی حکم ریکارڈ پر نہیں۔ جس پر جسٹس منصور علی شاہ نے ریمارکس دیئے کہ جاننا چاہتے ہیں کہ نیب نے ریفرنس دائر کرنےکی بجائے خورشید شاہ کو گرفتار کیوں کیا۔

عدالت عظمیٰ  نے  نیب سے خورشید شاہ پر لگائے گئے الزامات کی تفصیلات  طلب کر تے قرار دیا  کہ  نیب خورشید شاہ پر  لگائے گئے الزامات سمیت مقدمے کا تمام ریکارڈ عدالت میں  پیش کرے ۔ عدالت عظمی نے نیب کو خورشید شاہ کی گرفتاری کا بنیادی مواد پیش کرنے کا حکم دیتے ہوئے معاملہ پر مزید سماعت  (آج ) جمعرات تک ملتوی کردی۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں