وزیراعظم عمران خان سے لیفٹننٹ جنرل ندیم احمد انجم کی ملاقات

ملاقات سے متعلق سرکاری بیان جاری نہیں ہوا، لیفٹننٹ جنرل ندیم احمد انجم واحد تھری اسٹار جنرل ہیں جنہوں نے بدھ کے روز وزیراعظم سے ملاقات کی، نوٹیفیکیشن جمعے کے روز جاری ہونے کا امکان۔سینئر صحافی انصار عباسی کا دعویٰ

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان جمعرات 21 اکتوبر 2021 10:44

وزیراعظم عمران خان سے لیفٹننٹ جنرل ندیم احمد انجم کی ملاقات
اسلا م آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 21 اکتوبر 2021ء) : معروف صحافی انصار عباسی نے جنگ اخبار میں شائع رپورٹ میں دعویٰ کیا کہ وزیراعظم عمران خان کی لیفٹننٹ جنرل ندیم احمد انجم سے ملاقات ہوئی۔اس اہم ملاقات کے بارے میں سرکاری طور پر کوئی بیان جاری نہیں ہوا تاہم ایک باخبر ذرائع نے تصدیق کرتے ہوئے اشارہ دیا کہ لیفٹننٹ جنرل ندیم احمد انجم کا بطور نئے ڈی جی آئی ایس تقرری کا نوٹیفیکیشن چند دن میں متوقع ہے۔

ذریعے نے توقع ظاہر کی کہ ایسا جمعہ کے روز ہو گا۔انہوں نے مزید بتایا کہ لیفٹننٹ جنرل ندیم احمد انجم واحد تھری اسٹار جنرل ہیں جنہوں نے بدھ کے روز وزیراعظم سے ملاقات کی۔ایک ہفتے یا دس دن کے اندر ڈی جی آئی ایس آئی اپنے عہدے کا چارج سنبھالیں گے جب کہ ملک کی اعلیٰ انٹیلی جنس ایجنسی کے موجودہ سربراہ لیفٹننٹ جنرل فیض حمید بحیثیت کور کمانڈر پشاور اپنے نئے اسائمنٹ کی ذمہ داریاں سنبھالیں گے۔

(جاری ہے)

آئی ایس پی آر نے 6 اکتوبر فوج میں اعلیٰ عہدوں میں اہم تبدیلیوں کا اعلان کیا تھا۔ان اعلان کردہ عہدوں میں لیفٹننٹ جنرل ندیم احمد انجم کی بطور ڈی جی آئی ایس آئی تقرری بھی شامل تھی۔ 14 اکتوبر 2021ء کو وزیراعظم عمران خان نے اس حوالے سے ہونے والی قیاس آرائیوں کو مسترد کیا۔وزیراعظم عمران خان نے پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں کہا کہ حکومت اور فوج میں کسی قسم کی کوئی غلط فہمی نہیں ہے۔

عسکری قیادت سے میرے سے بہتر تعلقات کسی کے نہیں۔ ڈی جی آئی ایس آئی پر ہونے والی قیاس آرائیاں درست نہیں۔ ڈی جی آئی ایس آئی کی تعیناتی میں تکنیکی خامی تھی جو دور ہو جائے گی۔ڈی جی آئی ایس آئی کی تعیناتی کے حوالے سے کوئی ابہام نہیں، سب کلئیر ہو جائے گا۔آرمی چیف نے بتایا آرمی ایکٹ میں اس بات کی مزید گنجائش نہیں ۔تمام معاملات حل ہو چکے ہیں۔ ڈی جی آئی ایس آئی کی تعیناتی نوٹیفیکیشن جلد جاری ہو جائے گا۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں