حکومت مہنگائی سمیت تما م مسائل اور چیلنجز پر قابو پا لے گی، وزیراعظم عمران خان ریاست مدینہ کی طرز پر حقیقی فلاحی کے قیام کے لئے کوشاں ہیں، وزیرداخلہ شیخ رشید احمد

جمعرات 21 اکتوبر 2021 12:27

حکومت مہنگائی سمیت تما م مسائل اور چیلنجز پر قابو پا لے گی، وزیراعظم عمران خان ریاست مدینہ کی طرز پر حقیقی فلاحی کے قیام کے لئے کوشاں ہیں، وزیرداخلہ شیخ رشید احمد
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 اکتوبر2021ء) وزیرداخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ  حکومت مہنگائی سمیت تما م مسائل اور چیلنجز پر قابو پا لے گی، وزیراعظم عمران خان ریاست مدینہ کی طرز پر حقیقی فلاحی ریاست کے قیام کے لئے کوشاں ہیں، پاکستان میں سب کو جمہوری اور سیاسی آزادیاں حاصل ہیں، اسلام آباد پولیس کے لئے شہدا پیکج پنجاب پولیس کے برابر کردیاگیا ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں  نے جمعرات کو  پولیس لائنز میں ایئر پٹرول یونٹ کے افتتاح اور  پاسنگ آئوٹ  پریڈ  کی تقریب سے خطاب   اور میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ  ایئرپٹرول یونٹ کا آغاز کردیا گیا ہے۔ یہ  ڈرونز کے ذریعے سیف سٹی سے منسلک ہو گا  اور پولیس کے پاس جدید ہائی ٹیک گاڑیاں بھی ہوں گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اسلام آباد پولیس کے لئے شہدا پیکج پنجاب پولیس کے برابر کردیاگیا ہے،اسلام آباد پولیس کے اینٹی رایٹ یونٹ کے لئے  ایک ہزار نوجوان  بھرتی کی منظوری  ہو  چکی ہے۔

انہوں نے آئی جی اسلام آباد کو ہدایت کی کہ میرٹ پر بھرتی کاعمل جلد شروع کیا جائے۔ وزیر داخلہ نے کہاکہ پولیس کی تنخواہیں بہتر بنانے کے لئے کوششیں جاری ہیں ، اس  سلسلہ میں وزیر خزانہ سے بات کی ہے۔ وزیرداخلہ نے کہاکہ 400 ملین روپے کی خطیر رقم تھانوں کو دی گئی ہے۔ میرے دور میں شہدا پیکج کے لئے دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ  وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کو محفوظ بنانے پر پولیس کو سلام پیش کرتا ہوں۔

بعدازاں میڈیاسے گفتگو کرتے ہوئے وزیر داخلہ نےکہا کہ اپوزیشن جمعہ جمعہ کھیل رہی ہے، ان کے پہلے احتجاجی مظاہرے میں مہنگائی سے متاثر ہونے والے عوام نے شرکت نہیں کی۔ وزیراعظم عمران خان 5 سال پورے کریں گے اور حکومت عمران خان کی قیادت میں مہنگائی کے جن کو بوتل میں بند کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کی عوام کے مسائل پر گہری نظر ہے اور وہ تسلسل سے مہنگائی کے خاتمہ کے لئے کوشاں ہے۔

حکومت کے سامنے اہم  عالمی مسائل اور چیلنجز بھی ہیں جن سے نبرد آزما ہونا ہے۔ حکومت تمام مسائل پر قابو پائے گی ۔وزیراعظم عمران خان پاکستان کو  ریاست مدینہ کی طرز پر پاکستان کو حقیقی فلاحی ریاست بنانے کے خواہاں ہیں۔ اپوزیشن کو اس ملک میں تمام جمہوری اور سیاسی آزادیاں حاصل ہیں۔ ختم  نبوت  کےلئے مجھ سے زیادہ کسی نے قربانیاں نہیں دیں۔ قانون کے دائرے میں ہر کسی کو احتجاج کرنے کی اجازت ہے لیکن قانون ہاتھ میں لینے والوں کو قانون اپنے ہاتھ میں لے گا۔ قبل ازیں وزیر داخلہ  نے پولیس لائنز میں ایئر پٹرول یونٹ کی پاسنگ آئوٹ پریڈ کا معائنہ کیا۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں