کامیاب جوان پروگرام کیلئے ایک اور اعزاز،ورلڈ بینک کے بعد یورپی یونین کا بھی پاکستان سے تعاون کا اعلان

وزیراعظم نوجوانوں کو ہنر کی طاقت سے آراستہ دیکھنا چاہتے ہیں، کامیاب جوان پروگرام وزیراعظم پاکستان کے دل سے قریب تر ہے، عثمان ڈار

جمعرات 21 اکتوبر 2021 15:57

کامیاب جوان پروگرام کیلئے ایک اور اعزاز،ورلڈ بینک کے بعد یورپی یونین کا بھی پاکستان سے تعاون کا اعلان
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 اکتوبر2021ء) کامیاب جوان پروگرام کیلئے ایک اور اعزاز،ورلڈ بینک کے بعد یورپی یونین نے بھی پاکستان سے تعاون کا اعلان کر دیا ۔ جمعرات کو سربراہ کامیاب جوان پروگرام عثمان ڈار سے یورپی یونین کی سفیر اینڈرولا کامینرا نے ملاقات کی جس میں منصوبے کی تین بنیادی ترجیحات روزگار، تعلیم اور تکنیکی تربیت پر بریفنگ دی گئی ۔

لون اسکیم اور ہنرمند پاکستان پروگرام کے اعداد و شمار سے بھی آگاہ کیا،یورپی یونین نے کامیاب جوان پروگرام کی شفافیت اور میرٹ پر اعتماد کا اظہار کیا ۔سفیر اینڈرولا کامینرا نے کہاکہ یورپی یونین ٹیکنیکل اور ووکیشنل ایجوکیشن کے معیار کو بہتر بنانے میں سرگرمِ عمل ہے، پاکستان کے ساتھ مل کر کامیاب جوان پروگرام کو آگے بڑھانے کیلئے تیار ہیں۔

(جاری ہے)

عثمان ڈار نے کہاکہ وزیراعظم عمران خان ملک کے نوجوانوں کو ہنر کی طاقت سے آراستہ دیکھنا چاہتے ہیں، کامیاب جوان پروگرام وزیراعظم پاکستان کے دل سے قریب تر ہے،مثبت نتائج حاصل کرنے کے لئے یورپی یونین کی تکنیکی معاونت اور رہنمائی مددگار ثابت ہوگی۔سفیر یورپی یونین نے کہاکہ جدید دور کے تقاضوں کے مطابق نوجوانوں کو مزید سہولیات سے آراستہ کر سکتے ہیں، باہمی اشتراک کے لئے دونوں جانب سے تکنیکی ٹیمیں آپس میں مشاورت کریں گی، آئندہ ماہ ملاقات میں ممکنہ تعاون پر تفصیلی روڈ میپ تیار کیا جائیگا۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں