چشمہ رائٹ بینک کینال کے لفٹ کم گریویٹی پروجیکٹ کی تعمیر علاقے کی سماجی و معاشی ترقی کے لیے ایک حقیقی گیم چینجر ثابت ہوگی، وزیراعظم

ہمیں اپنے لوگوں کی سماجی و اقتصادی ترقی کے لیے موجود وسیع قدرتی وسائل کی مکمل صلاحیتوں سے استفادہ کرنے کی ضرورت ہے، عمران خان کا اجلا س سے خطاب

جمعرات 21 اکتوبر 2021 23:46

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 اکتوبر2021ء) وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ چشمہ رائٹ بینک کینال کے لفٹ کم گریویٹی پروجیکٹ کی تعمیر جنوبی خیبر پختونخوا میں ایک وسیع علاقے کی سماجی و معاشی ترقی کے لیے ایک حقیقی گیم چینجر ثابت ہوگی۔ جمعرات کو وزیراعظم عمران خان نے خیبر پختونخوا کے لیے مربوط زراعت اور ترقیاتی منصوبوں بالخصوص چشمہ رائٹ بینک کینال (سی آر بی سی) سے متعلق اجلاس کی صدارت کی۔

وزیر اعظم نے کہاکہ چشمہ رائٹ بینک کینال (سی آر بی سی) کے لفٹ کم گریویٹی پروجیکٹ کی تعمیر جنوبی خیبر پختونخوا میں ایک وسیع علاقے کی سماجی و معاشی ترقی کے لیے ایک حقیقی گیم چینجر ثابت ہوگی۔انہوںنے کہاکہ تکمیل کے بعد یہ منصوبہ خیبر پختونخوا میں تقریبا 3 لاکھ ایکڑ بنجر زمین کو سیراب کرے گا۔

(جاری ہے)

وزیر اعظم نے کہاکہ یہ نہ صرف خطے میں غذائی تحفظ کو یقینی بنائے گا بلکہ مشرق وسطیٰ میں زرعی پیداوار کی برآمد بڑھا کر ملک کے لیے زرمبادلہ کے حصول کا ذریعہ بنے گا۔

وزیراعظم نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ وہ علاقے میں کارپوریٹ فارمنگ کو فروغ دینے کے لیے موثر اقدامات کریں۔ اس سے نہ صرف علاقے کے کسانوں کی آمدنی میں اضافہ ہوگا بلکہ غربت و بھوک کے خاتمے، مقامی آبادی کے لیے اچھی تعلیم ، صحت کی بنیادی سہولیات اور دیگر شہری سہولیات کو یقینی بنانے میں معاونت ملے گی۔ انہوں نے کہاکہ ہمیں اپنے لوگوں کی سماجی و اقتصادی ترقی کے لیے موجود وسیع قدرتی وسائل کی مکمل صلاحیتوں سے استفادہ کرنے کی ضرورت ہے۔

اجلاس میں چشمہ رائٹ بینک لفٹ کینال (سی آر بی سی) کے میگا ڈویلپمنٹ پروجیکٹ کی تعمیر کے لیے متبادل مالیاتی ماڈلز پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اجلاس میں وزیر توانائی محمد حماد اظہر ، مشیر تجارت عبدالرزاق داؤد ،صوبائی وزراء خیبر پختونخوا تیمور سلیم جھگڑا ، محب اللہ، چیئرمین نیشنل ہائی وے اتھارٹی خرم آغا، چیئرمین ایف بی آر ڈاکٹر محمد اشفاق احمد اور متعلقہ افسران نے شرکت کی ۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں