افغانستان کے پھل اور سبزیوں کو ڈیوٹی فری امپورٹ کی اجازت دے دی

افغان تاجروں کو30 روز تک ویزہ آن آرائیول دیا جائےگا، سرحد پر پی سی آر ٹیسٹ بھی ختم کردیے گئے۔ وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کی کابل سے واپسی پر گفتگو

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ جمعرات 21 اکتوبر 2021 20:19

افغانستان کے پھل اور سبزیوں کو ڈیوٹی فری امپورٹ کی اجازت دے دی
اسلام آباد (اُردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 21 اکتوبر2021ء) وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ افغانستان کے پھل اور سبزیوں کو ڈیوٹی فری امپورٹ کی اجازت دے دی، افغان تاجروں کو پاکستان کیلئے ویزہ آن آرائیول کردیا ہے۔ میڈیکل ایمرجنسی کیس والوں کو آن آرائیول ویزا دیا جائےگا، افغان تاجروں کو 30 روز تک ویزہ آن آرائیول دیا جائےگا، سرحد پر پی سی آر ٹیسٹ بھی ختم کردیے گئے۔

انہوں نے دورہ کابل سے واپسی پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ دورہ افغانستان میں افغان قیادت سے دوستانہ ماحول میں طویل اور مفید ملاقاتیں ہوئیں، ڈی جی آئی ایس آئی میرے ساتھ تھے انہوں نے وہاں پر انٹیلی جنس عہدیدران سے ملاقاتیں کیں، آئندہ چند روز میں افغانستان سے ایک وفد پاکستان آئے گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ افغان حکومت کو ابھی تک کسی ملک نے تسلیم نہیں کیا، افغان قیادت کو سرکاری ملازمین کی تنخواہوں کی ادائیگی کا مسئلہ درپیش ہے، افغان قیادت کو بتایا کہ عالمی دنیا ان سے کیا توقعات رکھتی ہے، چین ایران روس میں افغانستان سے متعلق بات چیت ہورہی ہے جو ان کیلئے اچھا ہے۔

شاہد محمود قریشی نے کہا کہ افغان باشندوں کے سرحد پر پی سی آر ٹیسٹ ختم کردیے گئے، افغان تاجروں کو پاکستان کیلئے ویزہ آن آرائیول کردیا ہے۔ ویزہ کے ایشو پر تجارت کو بھی سامنے رکھا، پاکستانی سفارتخانہ پانچ سال کا ملٹی پل ویزہ بھی دے گا۔ میڈیکل ایمرجنسی کیس والوں کو آن آرائیول ویزا دیا جائےگا، افغان بزنس مین کو 30 روز تک آن آرائیول ویزا دیا جائےگا، نادرا کے سروس چارجز31 دسمبر تک ختم کردیئے گئے، پیدل بارڈرکراسنگ کا وقت 12 گھنٹے کر دیا ہے، ٹریڈ کی حد تک بارڈر 24 گھنٹے کھلا رہےگا، افغانستان کے پھل اور سبزیوں کو ڈیوٹی فری امپورٹ کی اجازت ہوگی۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں