ترجمان دفتر خارجہ نے پاکستان اور امریکا کے مابین معاہدے کی خبر کی تردید کر دی

پاکستان اور امریکا کے مابین فضائی حدود کے استعمال کے کسی معاہدے پر بات چیت نہیں ہو رہی۔ترجمان دفتر خارجہ

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان ہفتہ 23 اکتوبر 2021 13:17

ترجمان دفتر خارجہ نے پاکستان اور امریکا کے مابین معاہدے کی خبر کی تردید کر دی
اسلام آباد (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔23 اکتوبر 2021ء) ترجمان دفتر خارجہ نے پاکستان اور امریکا کے مابین معاہدے کی خبر کی تردید کر دی۔ ترجمان دفتر خارجہ کی جانب سے افغانستان میں انٹیلی جنس آپریشن کے لیے پاکستانی فضائی حدود کے استعمال کی خبروں کی تردید کی گئی ہے۔ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق پاکستان اور امریکا کے مابین فضائی حدود کے استعمال سے متعلق کسی معاہدے پر بات چیت نہیں ہو رہی۔

پاکستان اور امریکا کا علاقائی ،سلامتی اور انسداد دہشتگردی پر دیرینہ تعاون ہے۔پاکستان اور امریکا کے مابین باقاعدہ مشاورت جاری ہے۔واضح رہے کہ امریکا کے نشریاتی ادارے سی این این نے دعویٰ کیاتھا کہ افغانستان میں فوجی آپریشن کے لیے پاکستانی فضائی حدود کے استعمال پر امریکا اور پاکستان معاہدے کے قریب پہنچ گئے۔

(جاری ہے)

امریکی نشریاتی ادارے کے مطابق جوبائیڈن انتظامیہ نے امریکی ارکانِ کانگریس کو پاکستان سے کیے گئے سمجھوتے سے آگاہ کر دیا۔

امریکا نشریاتی ادارے کا کہنا تھا کہ پاکستان نے فضائی حدود کے استعمال کے بدلے انسدادِ دہشت گردی کے لیے امداد کی فراہمی اور بھارت سے تعلقات میں بہتری کے لیے مدد کی خواہش ظاہر کی ہے۔امریکی نشریاتی ادارے نے بتایا کہ امریکی ارکانِ کانگریس کو پاکستان سے ہونے والے سمجھوتے سے جمعے کی صبح آگاہ کیا گیا۔ امریکا کے نشریاتی ادارے کا مزید کہنا تھا کہ سمجھوتے کو حتمی شکل دینے کے لیے امریکا اور پاکستان کے مذاکرات جاری ہیں۔

امریکا میڈیا کے مطابق معاہدے سے امریکا افغانستان میں فوجی آپریشن کے لیے پاکستانی فضائی حدود استعمال کرے گا۔ابھی تک معاہدے کی شرائط طے نہیں پائیں۔ امریکی نشریاتی ادارے کا یہ بھی کہنا ہے کہ سمجھوتے کو حتمی شکل نہیں دی گئی اس میں تبدیلی بھی ہو سکتی ہے۔بائیڈن انتظامیہ نے ارکان کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ پاکستان کے ساتھ معاہدے کا جلد امکان ہے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں