وزیرِ اعظم عمران خان سعودی عرب کے تین روزہ دورے پر روانہ ہو گئے

ہفتہ 23 اکتوبر 2021 13:22

وزیرِ اعظم عمران خان سعودی عرب کے تین روزہ دورے پر روانہ ہو گئے
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 اکتوبر2021ء) وزیرِ اعظم عمران خان سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی دعوت پر ہفتے کو سعودی عرب کے تین روزہ دورے پر روانہ ہو گئے۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، وزیر توانائی حماد اظہر اور معاون خصوصی برائے ماحولیاتی تبدیلی ملک امین اسلم بھی وزیر اعظم کے ہمراہ ہیں۔ دورہ کے دوران وزیراعظم عمران خان مشرق وسطیٰ گرین انیشی ایٹیو سربراہ اجلاس کی افتتاحی تقریب میں شرکت کریں گے جہاں وہ ماحولیاتی تبدیلیوں کی وجہ سے ترقی پذیر ممالک کو درپیش مسائل پر نقطہ نظر پیش کریں گے۔

وزیراعظم ماحولیاتی چیلنجز سے نمٹنے کیلئے فطری حل سے متعلق پاکستان کے تجربات کو بھی اجاگر کریں گے۔ یہ سربراہ اجلاس ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز کا اقدام ہے۔

(جاری ہے)

مشرق وسطیٰ خطہ کے حوالہ سے اس قسم کا یہ پہلا اجلاس ہے، وزیراعظم عمران خان سعودی قیادت کے ساتھ دوطرفہ بات چیت کریں گے جن میں سعودی عرب میں پاکستانیوں کی فلاح و بہبود، پاکستانی محنت کشوں کیلئے مزید مواقع پیدا کرنے، معاشی اور تجارتی تعلقات پر پیشرفت پر توجہ مرکوز کی جائے گی۔

فریقین علاقائی اور بین الاقوامی امور کے بارے میں باہمی دلچسپی کے امور پر بھی تبادلہ خیال کریں گے۔ وزیراعظم عمران خان دورہ کے دوران پاکستان میں سرمایہ کاری کے فروغ کے حوالہ سے تقریب میں بھی شرکت کریں گے۔ سعودی عرب میں پاکستانی برادری سے تعلق رکھنے والے ممتاز سرمایہ کاروں اور کاروباری شخصیات سے بھی بات چیت کریں گے۔ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان تاریخی برادرانہ، مشترکہ عقیدے، تاریخی اور باہمی تعاون پر مبنی تعلقات ہیں۔

سعودی عرب میں 20 لاکھ سے زائد پاکستانی مقیم ہیں جو کہ دونوں ممالک کی ترقی و خوشحالی میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔ دونوں ممالک کے درمیان تعلقات جموں و کشمیر سے متعلق او آئی سی رابطہ گروپ سمیت مسلسل اعلیٰ سطحی رابطوں، مختلف شعبوں میں قریبی تعاون، علاقائی و بین الاقوامی امور پر باہمی تعاون پر مبنی ہیں۔ وزیراعظم عمران خان کے دورہ سے پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان تعاون کو مزید فروغ ملے گا۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں