وزیراعظم سعودی عرب جا رہے ہیں، لگتا ہے معاملہ کچھ سیریس ہے

شوکت ترین بھی وہاں پہنچ رہے ہیں،کوئی ایسے مذاکرات ہونے والے ہیں جن کی اہمیت ہے۔سینئر صحافی ہارون الرشید کا تجزیہ

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان ہفتہ 23 اکتوبر 2021 13:56

وزیراعظم سعودی عرب جا رہے ہیں، لگتا ہے معاملہ کچھ سیریس ہے
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 23 اکتوبر 2021ء) : سینئر تجزیہ کار ہارون الرشید کا کہنا ہے کہ وزیراعظم عمران خان سعودی عرب جا رہے ہیں لگتا ہے معاملہ کچھ سیریس ہے۔92 نیوز کی رپورٹ کے مطابق ہارون الرشید نے سیاسی صورتحال پر تجزیہ پیش کرتے ہوئے مزید کہا کہ عمران خان سعودی عرب جا رہے ہیں، وہ ساڑھے تین ملین ڈالر کا ادھار تیل دیں گے۔لگتا ہے کہ معاملہ کچھ سیریس ہے،کوئی ایسے مذاکرات ہونے والے ہیں جن کی اہمیت ہے۔

شوکت ترین بھی وہاں پہنچ رہے ہیں۔امریکا کے ساتھ بہت سارے معاملات سعودی عرب کے ذریعے طے پاتے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ تعلقات میں سرد مہری نہیں رہی، اس دفعہ کوئی مالی مدد بھی مل سکتی ہے۔واضح رہے کہ وزیرِ اعظم عمران خان سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی دعوت پر ہفتے کو سعودی عرب کے تین روزہ دورے پر روانہ ہو گئے۔

(جاری ہے)

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، وزیر توانائی حماد اظہر اور معاون خصوصی برائے ماحولیاتی تبدیلی ملک امین اسلم بھی وزیر اعظم کے ہمراہ ہیں۔

دورہ کے دوران وزیراعظم عمران خان مشرق وسطیٰ گرین انیشی ایٹیو سربراہ اجلاس کی افتتاحی تقریب میں شرکت کریں گے جہاں وہ ماحولیاتی تبدیلیوں کی وجہ سے ترقی پذیر ممالک کو درپیش مسائل پر نقطہ نظر پیش کریں گے۔ وزیراعظم ماحولیاتی چیلنجز سے نمٹنے کیلئے فطری حل سے متعلق پاکستان کے تجربات کو بھی اجاگر کریں گے۔ یہ سربراہ اجلاس ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز کا اقدام ہے۔ مشرق وسطیٰ خطہ کے حوالہ سے اس قسم کا یہ پہلا اجلاس ہے، وزیراعظم عمران خان سعودی قیادت کے ساتھ دوطرفہ بات چیت کریں گے جن میں سعودی عرب میں پاکستانیوں کی فلاح و بہبود، پاکستانی محنت کشوں کیلئے مزید مواقع پیدا کرنے، معاشی اور تجارتی تعلقات پر پیشرفت پر توجہ مرکوز کی جائے گی۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں