عثمان ڈار سے امریکی قونصلیٹ کی ملاقات ،کامیاب جوان پروگرام کیلئے ’’یو ایس ایڈ‘‘کے ذریعے ممکنہ تعاون پر تبادلہ خیال

نوجوانوں کو روزگار، تعلیم اور تکنیکی تربیت کی فراہمی ترجیح ہے، کامیاب جوان لون اسکیم اور ہنرمند پاکستان پروگرام کے اعداد و شمار تسلی بخش ہیں، عثمان ڈار

ہفتہ 23 اکتوبر 2021 15:24

عثمان ڈار سے امریکی قونصلیٹ کی ملاقات ،کامیاب جوان پروگرام کیلئے ’’یو ایس ایڈ‘‘کے ذریعے ممکنہ تعاون پر تبادلہ خیال
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 اکتوبر2021ء) کامیاب جوان پروگرام میں غیر ملکی اداروں اور سفیروں کی دلچسپی بڑھنے لگی،ورلڈ بینک اور یورپی یونین حکام کے بعد امریکی قونصلیٹ جنرل نے وزیراعظم آفس میں سربراہ کامیاب جوان پروگرام عثمان ڈار سے ملاقات کی جس میں کامیاب جوان پروگرام کیلئے ’’یو ایس ایڈ‘‘کے ذریعے ممکنہ تعاون پر تبادلہ خیال کیاگیا ۔

عثمان ڈار نے امریکی قونصلیٹ جنرل کو قرض کے تازہ اعدادوشمار پر بریفنگ دی۔پروگرام کے ذریعے نوجوانوں کو روزگار کی فراہمی کے فارمولے سے بھی آگاہ کیا۔ امریکی قونصلیٹ نے کہاکہ منصوبے میں میرٹ اور شفافیت نے بہت حد تک متاثر کیا ہے، ہم منصوبے میں پاکستان کے ساتھ تعاون کے خواہشمند ہیں۔ امریکی قونصلیٹ جنرل نے کہاکہ ایسے لانگ ٹرم منصوبے 5 سے 10 سال میں معاشی اثرات ظاہر کریں گے، نوجوانوں کی حکومتی سطح پر سرپرستی قابل تعریف ہے۔

(جاری ہے)

امریکی قونصلیٹ نے کہاکہ پاک امریکہ مشترکہ تعاون کے نتیجے میں نوجوانوں کو مزید مواقع دئیے جا سکتے ہیں۔ عثمان ڈار نے کہاکہ نوجوانوں کو روزگار، تعلیم اور تکنیکی تربیت کی فراہمی ترجیح ہے، کامیاب جوان لون اسکیم اور ہنرمند پاکستان پروگرام کے اعداد و شمار تسلی بخش ہیں۔ عثمان ڈار نے کہاکہ کامیاب جوان پروگرام وزیراعظم عمران خان کی ذاتی توجہ کا مرکز ہے، پاکستان میں ٹیکنیکل اور ووکیشنل ایجوکیشن کے شعبے میں سرمایہ کاری کے مواقع ہیں۔انہوںنے کہاکہ پاک امریکہ باہمی اشتراک سے نوجوانوں کے لئے روزگار کے نئے دروازے کھولے جا سکتے ہیں۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں