حالیہ چند ماہ میں شعبہ تعمیرات میں600 ارب روپے کی سرمایہ کاری ہوئی، فواد چودھری

تعمیراتی شعبے میں3 لاکھ نوکریاں فراہم کی ہیں، تعمیراتی صنعت اور ٹیکسٹائل عروج پر ہے، 2023 تک آرڈرز لینے کی گنجائش نہیں ہے۔ وفاقی وزیر اطلاعات کی دبئی میں گفتگو

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ ہفتہ 23 اکتوبر 2021 20:24

حالیہ چند ماہ میں شعبہ تعمیرات میں600 ارب روپے کی سرمایہ کاری ہوئی، فواد چودھری
دبئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 23 اکتوبر2021ء) وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ حالیہ چند ماہ میں شعبہ تعمیرات میں600 ارب روپے کی سرمایہ کاری ہوئی، تعمیراتی شعبے میں3 لاکھ نوکریاں فراہم کی ہیں، تعمیراتی صنعت اور ٹیکسٹائل عروج پر ہے، 2023 تک آرڈرز لینے کی گنجائش نہیں ہے۔ انہوں نے دبئی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ملک سے ڈالر افغانستان اسمگل ہورہا ہے جس کے باعث ڈالر کی قدرمیں اضافہ ہوا۔

ملک سے ڈالر افغانستان میں اسمگل ہورہا ہے جس کے باعث اس کی قدرمیں اضافہ ہوا، افغانستان کو 5 ارب روپے دینے کا مقصد ہے کہ کابل میں حکومت مستحکم ہو اور تیسری اہم بات یہ ہے کہ ہم تنہا طالبان کی حکومت کو تسلیم نہیں کریں گے بلکہ خطے کے دیگر ممالک کو ساتھ لے کر چلیں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ملک میں گندم، مکئی سمیت دیگر اجناس کی غیرمعمولی پیداوار ہوئی ہے۔

  ملک میں تعمیراتی صنعت اور ٹیکسٹائل عروج پر ہے، 2018 میں لومز مکمل طور پر بند تھیں لیکن اب 2023 تک آرڈرز لینے کی گنجائش نہیں ہے۔ حالیہ چند ماہ کے دوران شعبہ تعمیرات میں 600 ارب روپے کی سرمایہ کاری ہوئی ہے اور 3 لاکھ نوکریاں فراہم کی ہیں۔ اگر پاکستان کی معیشت کھڑی ہے تو یہ اوورسیز پاکستانیوں کے زرمبادلہ کی وجہ سے ہے، کابینہ کے ہر اجلاس میں بیرون ملک میں مقیم پاکستان کے مسائل پر بات کی ہے۔

دوسری جانب وزیرمملکت برائے اطلاعات ونشریات فرخ حبیب نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سعودی عرب کے ساتھ ہمارے  دیرینہ تعلقات ہیں، وزیراعظم کے دورے سے دوطرفہ تعلقات پر دور رس اثرات مرتب ہوں گے، خوردنی تیل کی قیمتوں میں کمی لانے کیلئے اقدامات کر رہے ہیں، زراعت پر توجہ دے رہے ہیں، ملک بہت جلد خوراک میں خود کفیل ہوگا، برآمدات، ترسیلات زر اور محصولات میں قابل ذکر اضافہ ہوا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم ایک دوسرے کے خلاف احتجاج کر رہی ہے، وفاقی حکومت کراچی اور سندھ کے عوام کیلئے میگاپراجیکٹس پر کام کر رہی ہے۔ وزیرمملکت فرخ حبیب نے کہا کہ سندھ میں حکومت کا قیمتوں پرکوئی کنٹرول نہیں، پی ڈی ایم میں شامل جماعتیں ایک دوسرے کیخلاف احتجاج کررہی ہیں، اپوزیشن کااحتجاج ٹوپی ڈرامہ ہے، مہنگائی صرف پاکستان میں نہیں دنیا بھر میں ہوئی ہے، خیبرپختونخوا کے تمام خاندانوں کو ہیلتھ کارڈ فراہم کرچکے ہیں۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں