داسو ڈیم کا تعمیراتی کام 3 ماہ بعد 25 اکتوبر سے دوبارہ شروع کرنے کا فیصلہ

سخت سکیورٹی انتظامات میں ڈیم کا کام دوبارہ شروع ہوگا ، کمپنی میں کام کرنے والے مقامی ملازمین کو مرحلہ وار بلایا جائے گا

Sajid Ali ساجد علی اتوار 24 اکتوبر 2021 15:54

داسو ڈیم کا تعمیراتی کام 3 ماہ بعد 25 اکتوبر سے دوبارہ شروع کرنے کا فیصلہ
اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 24 اکتوبر 2021ء ) چینی انجینئرز کی بس پر حملے کے بعد سے بند داسو ڈیم کا تعمیراتی کام 3 ماہ بعد 25 اکتوبر سے دوبارہ شروع کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق ڈپٹی کمشنر عارف خان یوسفزئی نے تصدیق کی ہے کہ داسو ڈیم کا تعمیراتی کا 25 اکتوبر سے شروع ہوگا ، اس ضمن میں داسو ڈیم پر کام کرنے والی چینی تعمیراتی کمپنی نے اعلامیہ بھی جاری کردیا ، جس میں کہا گیا ہے کہ کمپنی میں کام کرنے والے مقامی ملازمین کو مرحلہ وار بلایا جائے گا۔

میڈیا رپورٹ میں ڈپٹی کمشنر اپرکوہستان عارف خان یوسفزئی کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ سانحہ داسو میں مرنے والے چینی انجینئر کے لواحقین کو 1.2 ملین اور زخمیوں کو 1.4 ملین ڈالر معاوضہ دیا گیا ہے ، کمپنی کو بھی ہلڈنگ کے عوض لاکھوں ڈالر ادا کیے گئے ہیں ، اب سخت سکیورٹی انتظامات میں ڈیم کا کام دوبارہ شروع ہوگا۔

(جاری ہے)

خیال رہے کہ داسو ڈیم میں کام کرنے والے کمپنی کی بس حادثے کا شکار ہوگئی تھی جس کے نتیجے میں 13 افراد جاں بحق ہوگئے تھے ، جب کہ 39 افراد زخمی ہوگئے تھے ، ڈی پی او اپرکوہستان نے بتایا کہ حادثے کی وجوہات سامنے نہیں آئیں تاہم حادثے میں 13 افراد کی موت کی تصدیق ہوئی ، جن میں سے 9 چائنیز اور 2 مقامی مزدور بھی شامل ہیں۔

اس حوالے سے وفاقی وزیر برائے اطلاعات و نشریات فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ داسو ڈیم واقعہ انتہائی افسوسناک ہے، دشمن سمجھتے ہیں ایسی کارروائیوں سے ڈیم منصوبے پرکام بند ہوجائے گا تو وہ غلط ہیں کیونکہ ایسے واقعات سے پاک چین تعلقات متاثر نہیں ہوسکتے ، انہوں نے بتایا کہ ’چینی کمپنی نےداسو ڈیم پرکام کی رفتار پہلے سے زیادہ تیزکردی ہے، پاک چین دشمنوں کویہ پیغام ہے ہم نئے عزم سے کام کریں گے،داسو ڈیم پاک چین دوستی کا ایک مظہر ثابت ہوگا‘۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں