اسلام آباد شہر میں لگائی گئی تمام رکاوٹوں کو ہٹا دیا گیا

ریڈزون آنے اور جانے کے لئے ایکسپریس چوک بند ہے۔ ٹریفک پولیس

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین پیر 25 اکتوبر 2021 11:35

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 25 اکتوبر 2021ء) : وفاقی دارالحکومت اسلام آباد شہر میں لگائی گئی تمام رکاوٹوں کو ہٹا دیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق اسلام آباد شہر میں تمام رکاوٹوں کو ہٹا دیا گیا ہے۔ جبکہ ٹریفک پولیس کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا کہ ریڈزون آنے اور جانے کے لئے ایکسپریس چوک بند ہے، شہری متبادل کے طور پر ایوب چوک اور نادرا چوک استعمال کریں۔

خیال رہے کہ کالعدم جماعت کے دھرنے اور احتجاج کے پیش نظر باعث حکام نے وفاقی دارالحکومت کے متعدد راستوں کو کنٹینر لگا کر بند کردیا تھا۔ گذشتہ روز پنجاب حکومت نے انتظامیہ کو کنٹینرز ہٹانے کا حکم دیا۔ جس کے بعد راولپنڈی مری روڈ سمیت تمام شاہراہوں سے کنٹینرز ہٹانے کا کام شروع ہوا۔ اس حوالے سے وفاقی وزیرداخلہ شیخ رشید نے کہا کہ کالعدم تنظیم سے8 گھنٹے تفصیلی مذاکرات کیے ہیں۔

(جاری ہے)

ہماری خواہش ہے کہ امن و امان کی صورتحال بہتر کی جائے۔ شیخ رشید نے کہا کہ وزیرداخلہ ختم نبوت کا سپاہی ہے۔ احتجاج ان کا حق ہے، لیکن ان کے ساتھ ٹکراو نہیں ہونا چاہئیے۔حکومت کا کام ہے کہ لچک رکھے۔ ریاست کا کام صلح کا راستہ اختیار کرنا ہے، ریاست کا کام ڈنڈا چلانا نہیں بلکہ بات چیت کرنا ہے۔ وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے نیوز کانفرنس میں بتایا کہ حکومت نے ٹی ایل پی رہنماؤں کو فورتھ شیڈول لسٹ پر نظرِ ثانی کرنے کی یقین دہانی کروائی اور کہا کہ ان کے زیر حراست سربراہ سعد رضوی کو رہا کرنے کے منصوبے پر کام کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ شیخ رشید کا کہنا تھا کہ پاکستان مسلم ایٹمی ملک ہے جس پر عالمی دباؤ ہے۔ فرانس کے سفیر کا معاملہ قومی اسمبلی میں لے جائیں گے۔ مائیکروبلاگنگ ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے پیغام میں وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا کہ ہم نے ٹی ایل پی کے ساڑھے 3 سو کارکنان رہا کردیے ہیں اور ہم ٹی ایل پی کے ساتھ ہونے والے فیصلے کے مطابق مریدکے کی سڑک دونوں اطراف سے کھولے جانے کا انتظار کر رہے ہیں۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں